جلیب: منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے زیراہتمام میلاد کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے زیراہتمام ملکی تاریخ کی اولین میلاد کانفرنس 8 دسمبر 2016ء کو جلیب میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت یورپ سے آئے مہمان خصوصی علامہ حسن میر قادری نے کی۔ حسبِ روایت کویت میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد پاک نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ اس پروگرام میں کویت بھر کی کمیونٹی، تنظیمات، کونسلز کے وفود اور معزز مہمانوں نے بھر پور شرکت کی۔ شرکاء مرد و خواتین کی کثیر تعداد سے کانفرنس کے دونوں ہال مکمل طور پر بھر گئے۔

کانفرنس کا آغاز شب 8 بجے ہوا، جلیب زون کی تنظیمات کی طرف سے منعقدہ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے حافظ جمال نے کیا۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کویت کے بچوں نے احادیث مبارکہ اور گروپ کی صورت میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اس کے بعد نعت خواں حضرات نے ثناء خوانی سے سامعین کو محظوظ کیا۔

کانفرنس میں نوید اقبال اور حاجی عبدالرشید نے خطابات کیے جبکہ حفصہ منیر قادری نے مصطفوی سسٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے انگلش میں تقریر کی۔

علامہ حسن میر قادری نے کانفرنس میں خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد منانا سنت ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مولد منانا باری تعالی کی توحید کا اقرار کرنا ہے۔ الحمداللہ آج منہاج القرآن نے میلاد کے پروگرام منعقد کر کے ثابت کر دیا کہ آقا علیہ السلام کا پیغام امن و سلامتی کسی علاقہ اور حدود کا محتاج نہیں۔

علامہ حسن میر قادری نے قرعہ اندازی کرتے ہوئے 5 خوش نصیبوں کو عمرہ کے ٹکٹ بھی دیئے۔ کویت کے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا نے میلاد کانفرنس کی بھرپور کوریج کی۔ سوشل میڈیا کے ادارے نے اسے نمایاں پیش کیا اور کانفرنس فیس بک پہ براہ راست دکھائی گئی۔ پاکستان سے وقت ٹیلیویژن اور دنیا نیوز نے یہ ایونٹ کور کیا۔ پروگرام میں درودو سلام کے بعد شرکاءِ کو ضیافتِ میلاد بھی دی گئی۔ اس کانفرنس میں نقابت کے فرائض چوہدری محمد ارشد تبسم اور قاسم منیر قادری نے ادا کیے۔

(رپورٹ: چوہدری محمد ارشد تبسم)

تبصرہ