روم: منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ اٹلی کے زیرِاہتمام 13 نومبر 2016 کو کارپی میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کا ورکرز کنونشن منعقد ہوا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کی سپریم کونسل کے صدر ظل حسن نے کنونشن کی صدارت کی۔ ورکرز کنونشن میں بلزانو، میلان، بریشیا، چینتو، ریجو ایملیا، مودنہ، بلونیا، آریزو اور میچراتا کے عہدیداروں اور کارکنان نے شرکت کی۔
کنونشن کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ علامہ وقار احمد قادری نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے ورکرز کنونشن میں شریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے عہدیداران، کارکنان اور وابستگان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورکرز کنونشن اس بات کی دلیل ہے کہ کارکنان کی دن رات محنت نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر کو ملک بھر میں پھیلا دیا ہے۔ ان شاء اللہ شیخ الاسلام کی سربراہی میں دین مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغامِ امن ساری دنیا میں پھیلے گا۔منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کی سپریم کونسل کے صدر ظل حسن نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وہ خوش نصیب لوگ ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے اس مادی دور میں دین کی خدمت کے لیے چنا ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسا عظیم مربی و رہنما عطا کیا ہے جس کے نظریہ، نظام، قیادت، تعلق باللہ و ربط رسالت سے دنیا میں اسلام کا نام روشن ہو رہا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تعلیمات کی وجہ سے آج ہم اپنی ذات کی بجائے امت محمدی کے لیے سوچنے کے کام میں مشغول ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں تنگی اور تنگ نظری کا دین نہیں دیا اس کے بجائے مسلمانوں کو خوشخبری سنانے، لوگوں کو آسانیاں دینے کا حکم دیا جبکہ نفرتوں اور تنگ نظریوں کو مٹانے کی تلقین فرمائی ہے۔انہوں نے عہدیداران و کارکنان پر زور دیا کہ وہ علم و عمل کا پیکر بنیں کیونکہ علم اور عمل سے بڑا کوئی اسلحہ نہیں۔ منہاج القرآن کے کارکن اپنے مثبت کردار سے محبت اور امن پھیلائیں۔ کارکن فکری نظریاتی، اخلاقی و روحانی اور دعوتی و تنظیمی تربیت پر توجہ دیں۔ کنونشن کا اختتام دعا سے ہوا اس کے بعد شرکاء کو عشائیہ دیا گیا۔
تبصرہ