ایتھنز: منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام 12 نومبر 2016 کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر ریندی، ایتھنز میں سیدنا داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کے موقع پر ’داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ سمینار‘ کا انعقاد کیا گیا۔ سمینار میں ایتھنز اور اس کے مضافاتی شہروں سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے کارکنان اور مسلم کمیونٹی نے بڑی تعداد مین شرکت کی۔
سمینار کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری مدثر مصطفی نے حاصل کی۔ ناصر اکبر قادری، علی شیر، مظہر اقبال، محمد اقبال قادری، حافظ محمد عثمان اور منہاج نعت کونسل یونان کے صدر سجاد حسین قادری نے حمدِ باری تعالیٰ و نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نذرانہ پیش کیا، جبکہ غلام سرور قادری نے نقابت کے فرائض بخوبی سرانجام دیے۔
سمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی نے کہا کہ صوفیا کرام کی تعلیمات سے انفرادی اور اجتماعی امن و سلامتی کا آفتاب طلوع ہو سکتا ہے۔ صوفیاء کرام نے ہر دور میں انتہا پسندی کے خلاف جہاد کیا ہے اور امن، سلامتی اور رواداری کے پرچم کوہمیشہ بلند رکھا۔ سید علی ہجویری المعروف داتا صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے قرآن و سنت کی روشنی میں حقیقی تصوف کے اصول وضع کئے جو صدیوں سے راہ تصوف کے مسافروں کو منزل پر پہنچنے کا یقین فراہم کر رہے ہیں۔ اگر ہم نے تعلیمات صوفیاء کو فروغ نہ دیا تو اندھیروں میں ہی بھٹکتے رہیں گے۔ سمینار کے اختتام پر عامر علی قادری اینڈ برادرز کی طرف سے لنگر کا اہتمام کیا گیا۔
رپورٹ: قاری مدثر مصطفیٰ
تبصرہ