ڈنمارک: نورتھ ویسٹ میں سالانہ ’’شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘

منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کے زیراہتمام شہدائے کربلا کی یاد میں سالانہ ’’شہادت امام حسین کانفرنس‘‘ 22 اکتوبر 2016ء کو نارتھ ویسٹ میں منعقد ہوئی۔ محفل میں کوپن ہیگن کے گرد و نواح سے خواتین اور چھوٹے بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کی سعادت موسی مصطفی اور سجل خان نے حاصل کی۔ خدیجہ سجاد نے حمد باری تعالیٰ شبانہ احمد نے نعت مبارکہ پڑھی۔

منہاج سسٹر لیگ نے اجتماعی طور پر آقا علیہ السلام کی بارگاہ میں درود شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ شبانہ احمد، رخسانہ افضل ارم الحق اور آئمہ، صدف، فریحہ، علیشہ کے گروپ نے امام حسین علیہ السلام کے حضور منبقت پیش کی۔ محترمہ طیبہ رحمان نے ’’واقعہ کربلا کا تاریخی پس منظر‘‘ کے موضوع پر ڈیشن زبان میں گفتگو کی۔

محترمہ ناہید سراج پروگرام میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی ظاہری حیات سے پردہ فرمانے سے پہلے اپنی اہل بیت سے محبت کا درس دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے واضح طور پر فرمایا کہ میرے بعد جس نے قرآن اور اہل بیت کومضبوطی سے تھامے رکھا تو وہ کبھی گمراہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ذکر حسین علیہ السلام دراصل تذکرہ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے اور اسی طرح محبت حسین علیہ السلام بھی محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ جس نے حسن اور حسین علیھم السلام سے محبت کی تو گویا اس نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کی۔ جس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کی اس نے اللہ سے محبت کی۔گویا اللہ تعالیٰ کی محبت کو پانے کے دو وسیلے ہیں ایک اہل بیت کی محبت اور ایک آقا علیہ السلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت۔ آج ہمیں خانوادہ رسول سے محبت کو اپنے ایمان کا کاملا حصہ بنانا ہوگا۔ یہی عقیدہ آخرت میں ہمارے کام آئے گا۔

کانفرنس کے آخر میں منہاج ویمن لیگ اور منہاج یوتھ لیگ کی سسٹرز نے امام حسین علیہ السلام کی بارگاہ اقدس میں سلام پیش کیا۔ نوشاذہ فیاض نے نہایت احسن انداز میں پروگرام کی نقابت کے فرائض ادا کیے۔ مبشرہ ظہیر نے اختتامی دعا کرائی، جس کے بعد تمام شرکاء اور مہمانوں کی لنگر حسینی سے بھرپور تواضع کی گئی۔

رپورٹ۔ شبانہ احمد

تبصرہ