منہاج القرآن ویمن لیگ فاروق آباد گجیانہ نو کے زیرِاہتمام پانچویں سالانہ ’’سیدہ کائنات سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کانفرنس‘‘ 24 اکتوبر 2016ء کو منعقد ہوئی۔ خواتین کی بڑی تعداد پروگرام میں شریک ہوئی جبکہ مردوں کی شرکت کے لیے الگ انتظام کیا گیا تھا۔ کانفرنس کی صدارت علامہ شکیل احمد ثانی نے کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔
علامہ شکیل احمد ثانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ زینب علیھاالسلام آپ خانوادہ اہل بیت اطہار کی وہ خاتون تھیں، جنہوں نے یزید کے دربار میں نڈر اور بےباک انداز میں کلمہ حق کہا۔ موجودہ دور میں خواتین کو سیدہ زینب علیھا السلام کی سیرت و کردار کو عملی نمونہ بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آج معاشرے کے ہر شعبہ میں خواتین خود کو نمایاں مقام پر دیکھنا چاہتی ہیں۔ اس کے لیے خواتین کو سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کی سیرت و کردار کو مشعل راہ بنانا ہوگا۔ خواتین کو علم، معرفت، تقوی اور بہادری اپنی شخصیت میں شامل کرنا ہوگی۔ حقیقت یہ ہے کہ بہادری، دلیری اور شجاعت کا جو جذبہ اسلام نے خواتین کو دیا، وہ مغربی دنیا میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کے نام پر عورت اور اس کے حقوق کی تذلیل کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب حقوق نسواں کے ادارے ،این جی اوز اور مغربی طرز معاشرت اور کلچر نے خواتین کی عزت و عصمت پر داو پر لگا دیا ہے۔ ان حالات میں خواتین کو اسلامی تاریخ کی نمائندہ خواتین شخصیات کو اپنا رول ماڈل بنانا ہوگا، تاکہ آئندہ نسلوں کا ایمان اور مستقبل بچ سکے۔
تبصرہ