ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کی ملاقات

ماضی کے اسٹار لیگ سپنر، قومی ہیرو ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے 24 اکتوبر 2016ء کو منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین سے منہاج یونیورسٹی ٹاون شپ میں ملاقات کی۔ عبدالقادر نے معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے منہاج القرآن کے کردار اور منہاج یونیورسٹی میں کھیلوں کے لیے جدید انفرا سٹرکچر کو سراہا۔

عبدالقادر نے کہا کہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام چلنے والے سینکڑوں تعلیمی ادارے ایک محب وطن، باشعور اور درد مند نسل پروان چڑھا رہے ہیں۔ اس لیے تحریک منہاج القرآن اپنی علم برائے امن مہم میں سپورٹس سرگرمیوں کو بطور خاص شامل کرے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دور حاضر کی سیاسی، سماجی اور اخلاقی برائیوں سے بچانے کیلئے کھیلوں کا فروغ ہی واحد ذریعہ باقی رہ گیا ہے۔

اس سے پہلے ڈاکٹر حسین محی الدین نے قومی ہیرو کو منہاج یونیورسٹی لاہور آمد پر خوش آمدید کہا۔ پبلک ریلیشنز کے ڈائریکٹر شہزاد رسول اور ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا حفیظ چودھری، قاضی فیض الاسلام اور خواجہ اسحاق بھی یہاں موجود تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے سابق ٹیسٹ کرکٹر کو خصوصی دعوت دی کہ وہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام 29 اکتوبر کو الحمرا ہال میں شیڈول ’’فرید ملت سکالر شپ ایوارڈ‘‘ تقریب میں ضرور شرکت کریں، جو عبدالقادر نے قبول کر لی۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے انہیں بتایا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں کو ہر سال لاکھوں روپے کے سکالر شپ دئیے جاتے ہیں اور 2016ء میں بھی 100 سے زائد طلبا و طالبات کا اسکالر شپ کے لیے انتخاب کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں، کالجز اور یونیورسٹی میں سپورٹس کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ یوتھ کے پلیٹ فارم سے ’’ضرب امن سائیکل ریلی‘‘ کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے، جس میں یوتھ کے نوجوان سائیکل ریلی کی شکل میں پورے ملک کا چکر لگائیں گے اور امن، یکجہتی اور قومی سلامتی کا پیغام ہر شہر تک پہنچائیں گے۔

ملاقات میں ڈاکٹر حسیین محی الدین قادری نے عبدالقادر کو شیخ الاسلام کی کتب کا تحفہ بھی پیش کیا۔

تبصرہ