کوالالمپور: شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشا کے زیراہتمام ’’شہادت امام حسین کانفرنس‘‘ 9 اکتوبر 2016ء کو کوالالمپور میں منعقد ہوئی۔ پروگرام میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشا کی نیشنل ایگزیکٹو کونسل اور لوکل ایگزیکٹیو کونسل کے ممبران و عہدیداران کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، طارق محمود علوی نے تلاوت قرآن مجید کا شرف حاصل کیا جبکہ حاجی عبدالرحمن اور سید آصف علی شاہ نے نعت خوانی کی۔

پروگرام میں طارق محمود علوی نے ’’شان اہل بیت‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے قرآن مجید میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آل سے محبت کرنے کا حکم ہے۔ امام حسین علیہ السلام آقا نبی کریم کے لاڈلے شہزادے تھے، جن کی خاطر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے سجدے طویل کر دیئے۔ امام حسین علیہ السلام نے اپنے نانا کے دین کے لیے اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کر کے یزید کے سامنے کلمہ حق بلند کیا۔ واقعہ کربلا معرکہ حق و باطل میں حق کا روشن نام اور امن کا پیغام ہے۔ ہمیں شہداء کربلا کے آفاقی جذبوں کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ان مقدس ہستیوں کیساتھ اپنی عقیدت و محبت کو اپنے ایمان کا حصہ بنانا ہوگا۔

طارق محمود علوی نے شہداء کربلا کی یاد میں نہایت خوبصورت آواز میں منقبت بھی پیش کی۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا، جس کے بعد شرکاء کو حسینی لنگر بھی پیش کیا گیا۔

رپورٹ: علی رضا

تبصرہ