نئی دہلی: منہاج القرآن ویمن لیگ مغربی بنگال کے زیرِاہتمام 4 اکتوبر 2016 کو کمیونٹی ھال 2، رِپن سکوائر، کولکتہ میں ’ذکر شہادتِ امام حسین رضی اللہ عنہ‘ اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔ اجتماع کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید اور نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ منہاج سسٹرز لیگ کے بچوں نے خوبصورت انداز میں سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کی بارگاہ میں منقبت پیش کی۔
منہاج القرآن ویمن لیگ مغربی بنگال کی صدر شازیہ طارق نے اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امام عالی مقام سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کی بےمثال قربانی کوخراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کائنات کی معراج سجدے میں ہے اور سجدے کی معراج امام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی پیشانی میں ہے۔ قیامت تک آنیوالا مسلمان امام عالی مقام رضی اللہ تعالی عنہ کا مقروض ہے کیونکہ قیامت تک اسے اسلام سیدنا امام حیسن رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے وسیلہ سے پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میرے جانے کے بعد میں آپ میں دو چیزیں چھوڑ کر جا رہا ہوں۔ ایک قرآن اور دوسری اہل بیت، ان دونوں چیزوں کو مضبوطی سے تھام کر رکھنے میں ہی ہماری نجات اور آخرت کی کامیابی ہے۔ ذکر حسین رضی اللہ عنہ ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے اور محبت حسین رضی اللہ عنہ محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آقا ء علیہ السلام کا ارشاد گرامی ہے کہ حسین رضی اللہ عنہ مجھ سے ہے اور میں حسین رضی اللہ عنہ سے ہوں۔ جس نے حسن رضی اللہ عنہ اور حسین رضی اللہ عنہ سے محبت کی گویا اس نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کی اور جس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کی اس نے اللہ سے محبت کی۔
کانفرنس کے اختتام پر امت مسلمہ کی سلامتی کے لیے دعا کی گئے اور بارگاہِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔
تبصرہ