منہاج القرآن انٹرنیشنل آفن باخ کے زیرِاہتمام 22 جولائی 2016 کو معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی یاد میں تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عبدالستار ایدھی کی سماجی خدمات پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل آفن باخ کے عہدیداران اور کارکنان سمیت مختلف سماجی شخصیات شریک تھیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ کے صدر فخر خان اور اظہر فاروق پروگرام میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے حافظ شوکت حسین اعوان اور حاجی افضل قادری نے کہا کہ مرحوم عبدالستار ایدھی کی دُکھی انسانیت کے لیے خِدمات قابلِ ستائش اور ناقابلِ فراموش ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کے مشن کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سربراہی میں منہاج القرآن ویلفیئرفاؤنڈیشن بِلاتفریقِ رنگ و نسل دُکھی انسانیت کی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل دنیا بھر میں موجود اپنے اسلامک سینٹرز کے ذریعے دین اسلام کی ترویج اور نوجواں نسل کو عشقِ رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے آگاہی کا مشن کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔
تقریب کے اختتام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل آفن باخ کی 5 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی کا بھی اعلان کیا گیا جس میں چوہدری شبیر گوندل، حاجی افضل قادری، نذیر احمد، ندیم خان جدون، اور شاہد رفیق شامل ہیں۔ یہ کمیٹی 3 ماہ کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے گی۔
رپورٹ: اصغر مرزا
تبصرہ