برلن: منہاج القرآن انٹرنیشنل ووپاٹال کے زیراہتمام 20 جولائی 2016 کو معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ووپاٹال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ووپاٹال، اینی پٹال، نیوایز اور ڈورٹمنڈ سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے کارکنان اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں نیدرلینڈ سے علامہ احمد رضا اور برلن سے میاں عمران خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررین نے عبدالستار ایدھی کی سماجی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی ایک انسان نہیں بلکہ بےلوث خدمات کا ایک عہد ہیں۔ ان کے فلسفے کو زندہ رکھنے اور ضرورتمندوں کی مدد کے لیے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ عبدالستار ایدھی بےسہارا لوگوں کے محسن تھے انہوں نے اپنی ساری عمر انسانیت کی خدمت کی۔ ان کے عوامی فلاح و بہبود کے ادارے ان کی ہمیشہ یاد دلاتے رہیں گے۔
مقررین نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں اور انکی قربانی کو اپنے لئے فخر کا تاج بناتی ہیں۔ ہر دردِ دل رکھنے والا پاکستانی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ساتھ کھڑا ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی دنیا میں موجود تنظیمات شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں اور انکے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر عبدالستار ایدھی اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
تبصرہ