کوپن ہیگن: منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے مرکز منہاج اسلامک سینٹر نارتھ ویسٹ کوپن ہیگن میں منہاج القرآن ویمن لیگ نے پہلی بار خواتین کے لیے مسنون اعتکاف کا اہتمام کیا جس میں پچاس سے زائد خواتین نے مسنون اور 27 رمضان المبارک سے کچھ خواتین نے نفلی اعتکاف کیا۔ معتکفات اپنے کمسن بچوں کے ساتھ اعتکاف میں شریک ہوئیں۔ کم عمر معتکفین میں ایک سالہ حسان جنید، حسان عرفان، ماہ نور عرفان، محمد احسان رانا، آمنہ حبیب اور میمونہ سراج شامل تھے۔
اعتکاف میں خواتین کے لیے فرض عبادات سمیت حلقاتِ تدریس اور حلقاتِ ذکر بھی قائم کیے گئے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کی ناظمہ دعوت و تربیت نفیس فاطمہ کی خصوصی کاوش سے حلقات کا قیام عمل میں آیا۔ اعتکاف گاہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات سننے کا بھی اہتمام کیا گیا جن سے متاثر ہو کر کئی خواتین نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی تاحیات رفاقت اختیار کی۔
رمضان المبارک کے آخری روز معتکفات اور بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کی طرف سے پھول اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب کے تحائف پیش کیے گئے اور بچوں میں چاکلیٹس تقسیم کی گئیں۔
چاند رات کو اعتکاف گاہ سے روانگی کے وقت معتکفات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کی اس کوشش کو سراہا اور آئندہ سال دوبارہ مسنون اعتکاف میں شرکت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ نفیس فاطمہ نے معتکفات کا شکریہ ادا کیا۔
معتکفات کو الوداع کرنے کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کی صدر کنول معظم، منہاج القرآن ویمن لیگ ویلبی کی صدر بشری خالد اور منہاج القرآن ویمن لیگ نارتھ ویسٹ کی صدر آنسہ شاہین بھی موجود تھیں، جنہوں نے خواتین میں تحائف تقسیم کیے۔
رپورٹ: شبانہ احمد
تبصرہ