ڈنمارک: منہاج ویمن لیگ ویلبی کے زیراہتمام فاطمۃ الزہرہ کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ ویلبی کے زیراہتمام 13 رمضان المبارک کو عظیم الشان ’سیدہ فاطمہ الزہرہ علیہا السلام کانفرنس‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت منہاج اسلامک سنٹر کی طالبات زویا علی اور مبشرہ ظہیر احمد نے حاصل کی۔ شبانہ احمد نے حمد باری تعالٰی، رومانہ کیانی، ہاجرہ شاہ، نیلم علی، ماہ رخ علی، میمونہ رحمان، ماہ نور علی، زینب ظہور احمد، سمیرہ اور عائشہ ارم احمد نے نعت رسول مقبول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نذرانہ پیش کیا۔ روش قیصر نے اردو میں سیدہ فاطمہ الزہرہ سلام اللہ علیہا کی شخصیت پر گفتگو کی۔

قاری ظہیر احمد نے عظمتِ سیدہ فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا پر نہایت خوبصورت اور پُرمغز خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آقائے کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وجہ تخلیق کائنات ہیں اور اس کائنات کا ذرہ ذرہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرتا ہے۔ جس محبوب سے اللہ تعالی اور کائنات کا ہر ذرہ محبت کرتا ہے، وہ سیدہ فاطمہ الزہرہ سلام اللہ علیہا سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ جس دورِ جاہلیت میں لوگ بیٹیوں کو زندہ دفن کر دیا کرتے تھے، اُس دور میں آقا کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی بیٹی سے محبت فرمائی۔ انہوں نے احادیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا فاطمہ میرے جسم کا ٹکڑا ہے، پس جس نے اسے ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت فاطمۃ الزہرہ سے فرماتے کہ فاطمہ! میرے ماں باپ تجھ پر قربان ہوں۔ انہوں نے روزِ قیامت سیدہ فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کی شان کے حوالے سے احادیث مبارکہ بیان کیں۔

فائزہ قیوم نے نقابت کے فرائض نہایت عمدہ انداز میں سرانجام دئیے۔ پروگرام میں حصہ لینے والے چھوٹی بچیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ان میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

کانفرنس کے اختتام پر شبانہ احمد، رومانہ کیانی اور عائشہ ارم احمد نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ مقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔

مبشرہ ظہیر احمد نے دعا کروائی اور شرکاء کے افطار کے لیے تبرک تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: شبانہ احمد

تبصرہ