متحدہ عرب امارات: منہاج القرآن انٹرنیشنل شارجہ کے زیراہتمام یومِ شہداء کی تقریب

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری برسی پر منہاج القرآن انٹرنیشنل شارجہ کے زیراہتمام 17 جون 2016 کو یومِ شہداء کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی اور ان کے ورثاء کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل متحدہ عرب امارات کے صدر خالد محمود صابری، علامہ شکیل ثالث، حفیظ کیانی اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا اعلامیہ بیان کرتے ہوئے خالد محمود صابری نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے ضامن ادارے تمام مصلحتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں، تاکہ شہداء کے ورثاء کو جلد از جلد انصاف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خواب ایسے پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر ہے جس میں ہر شہری کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کی ضامن ریاست ہو۔ یہ سب اسی وقت ممکن ہے کہ جب ہر شخض کو انصاف اس کی دہلیز پر ملے۔

علامہ شکیل ثالث نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تقریب کے شرکاء نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ پُروقار تقریب کے انعقاد پر خالد محمود صابری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل شارجہ کے صدر وحید احمد، ناظم علی احمد اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لیے افطار ڈِنر کا اہتمام کیا گیا تھا۔

تبصرہ