پاکستان عوامی تحریک یونان کے زیراہتمام سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے دو سال مکمل ہونے پر مورخہ 17 جون 2016 پاکستانی سفارت خانہ کے سامنے پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں منہاج القرآن یونان و پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف یونان کی قیادت نے بھی شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرہ سے اظہار خیال کرتے ہوئے مقررین نے مطالبہ کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے شہداء کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور خون کا بدلہ خون قرآنی اصول کے تحت قصاص کے ذریعے انصاف دیا جائے۔ سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ جس طرح انہوں نے شہداء کی ایف آئی آر کے اندراج میں اپنا کردار ادا کیا تھا، اسی طرح انصاف بھی دلوائیں۔
پاکستان تحریک انصاف یونان کے کارکنان، وقائدین نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو کیفر و کردار تک پہنچانے تک ہم پاکستان عوامی تحریک یونان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
آخر میں منہاج القرآن یونان و پاکستان عوامی تحریک یونان کی قیادت نے ایک احتجاجی مراسلہ بھی سفارت خانہ پاکستان کو پیش کیا۔ نیز 17 جون کی شام ہی منہاج القرآن اسلامک سنٹر ریندی ایتھنز یونان میں ایک تعزیتی سیمینار کا اہتمام کیا گیا، جس میں ایتھنز بھر سے کثیر تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لئے قرآن خوانی بھی کی گئی۔
سیمینار میں آنیوالے تمام احباب کے لئے پاکستان عوامی تحریک یونان کی طرف سے افطاری کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ اختتام پر علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی نے شہداء کی بلندی درجات کے لئے، ملک پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وسلامتی کے لئے دعا کروائی۔
رپورٹ: قاری مدثر مصطفی
تبصرہ