اوسلو: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری 11 اپریل 2016 کو اپنے دو روزہ دعوتی و تربیتی دورے پر ناروے پہنچے جہاں انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ورکر کنونشن میں شرکت کی اور منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
اوسلو کے گارڈیمیون انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے عہدیداران نے ان کا استقبال کیا۔ استقبال کرنے والوں میں منہاج یورپین کونسل کے صدر اعجاز احمد وڑائچ، منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے سیکرٹری جنرل ناصر علی اعوان، منہاج مصالحتی کونسل ناروے کے صدر محمد اصغر، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ناروے کے صدر ساجد حسین، منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کی صدر عائشہ خان، منہاج القرآن اسلامک سنٹر درامن کے ڈائریکٹر علامہ نور احمد نور اور منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے سکالر علامہ محمد اقبال فانی سمیت منہاج القرآن یوتھ لیگ کے عہدیداران شریک تھے۔ استقبال کرنے والوں نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو ناروے آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے استقبال کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
11 اپریل 2016 کی شام اوسلو میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی صدارت میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کا عظیم الشان ورکرز کنونشن منعقد ہوا۔ کنونشن کا آغاز تلاوت کلام الہی سے ہوا جس کی سعادت قاری انصر علی قادری نے حاصل کی۔ علامہ نور احمد نور، قاری انصر علی قادری اور ہارون قیوم نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میں ہدیہ نعت اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی منقبت پیش کی۔ نقابت کے فرائض ناصر علی اعوان اور علامہ محمد اقبال فانی نے سر انجام دیے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ورکرز کنونشن کے شرکاء سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے عظیم الشان ورکر کنونشن کے انعقاد پر منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کو مبارکباد پیش کی اور منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے جملہ فورمز کی کارکردگی کو سراہا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ’محبت و موددت اور اطاعت‘ کے عنوان سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محبت تقاضاکرتی ہے کہ کبھی بھی محبوب کا در نہ چھوڑا جائے اور جو محبوب کہے اس کو مان لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل اس دور میں اللہ کی عظیم نعمت ہے جو لوگوں کے دلوں کو محبت و الفت کی طرف لا رہی ہے۔ اللہ تعالی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مصطفوی مشن کے لیے چنا ہے۔ انہوں نے شرکاء کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں شیخ الاسلام کا دست و بازو بن کر مشن کی ترویج و اشاعت کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے اور اس کے فورمز کے ساتھ الگ الگ میٹنگز کیں اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
کنونشن کے بہترین نظم و نسق اور اسے کامیاب بنانے پر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے صدر اعجاز احمد وڑائچ نے تمام فورمز کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔
رپورٹ۔ قیصر محمود
تبصرہ