پیرس (اے کے راؤ) منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس نے فرانسیسی زبان میں دہشت گردی، خودکش حملوں اور فتنہ خوارج کے خلاف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مشہورِ عالم مبسوط تاریخی فتویٰ کی اشاعت کا اہتمام کیا ہے۔ "Fatwa sur le terrorisme et les attentats suicides" کے عنوان سے شائع ہونے والا فتویٰ 634 صفحات پر مشتمل ہے۔ فتویٰ اگلے ماہ پیرس کے مضافاتی علاقے لابرجے میں ہونے والی اسلامی کتب کی سب سے بڑی نمائش میں پیش کیا جائے گا۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے صدر چوہدری محمد اعظم نے اس کامیابی پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے کارکنان کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے فاضلین نے شیخ الاسلام کے فتویٰ کو فرنچ زبان میں ترجمہ کرنے کے لیے دن رات کام کیا ہے، ان کی محنت قابلِ داد ہے۔ ان کہنا تھا کہ اسلام امن و سلامتی اور محبت و مروت کا دین ہے۔ انسانی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ شریعت اسلامی کے اہم مقاصد میں سے ہے۔ کسی بھی انسان کی ناحق جان لینا یا اسے اذیت دینا فعل حرام ہے، قطع نظر اس کے کہ وہ انسان مسلم ہے یا غیر مسلم۔ دہشت گردی کے موجودہ واقعات میں ملوث خود کش بمبار قتل اور خود کشی جیسے دو حرام امور کے مرتکب ہوکر صریحا کفر کر رہے ہیں۔ اپنی بات منوانے اور دوسروں کے موقف کو غلط قرار دینے کے لیے اسلام نے ہتھیار اٹھانے کی بحائے دلیل، منطق، گفت و شنید اور پرامن جد و جہد کا راستہ کھلا رکھا ہے۔ جو لوگ اس اصول کی خلاف ورزی کرتے ہیں وہ بالعموم جہالت اور عصبیت کے ہاتھوں مجبور ہو کر بغاوت کے مرتکب ہوتے ہیں۔
تبصرہ