اٹلی: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی غوث الوریٰ کانفرنس

کارپی: منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیرِاہتمام 23 جنوری 2016 کو گیارہویں شریف کے موقع پر غوث الوریٰ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رفقاء، عہدیداران اور کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی کے ڈائریکٹر علامہ وقار احمد قادری نے خطاب کیا۔

کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد عثمان نے حاصل کی۔ عرفان حیات رانجھا اور ثقلین ظفر نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ عقیدت کے پھول نچھاور کیے، جبکہ حاجی اعجاز احمد نے غوث الاعظم رضی اللہ عنہ کی منقبت پیش کی۔ کانفرنس میں بچوں کے گروپس نے بھی درودوسلام اور نعت کا نذرانہ پیش کیا اور قصیدہ بردہ شریف پڑھا، جبکہ بچیوں کے گروپ نے غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی کی شان میں منقبت پیش کی۔

غوث الوریٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ وقار احمد قادری نے اولیاءاللہ کے مناقب پر روشی ڈالتے ہوئے کہا کہ اولیاءاللہ ایسے خوش نصیب انسان ہیں جن کو نہ کسی قسم کاخوف ہوتا ہے اور نہ ہی غم۔ اللہ پاک کے وہ مقبول بندے جواس کی ذات وصفات کے عارف ہوں اس کی اطاعت و عبادت کے پابند رہیں، گناہوں سے بچیں اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے انہیں اپنا قرب خاص عطا فرماتا ہے۔

رپورٹ: حسن زمان

تبصرہ