کھوائی چنگ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِاہتمام 9 جنوری 2016 کو منہاج القرآن اسلامک سینٹر کھوائی چنگ میں عظیم الشان محفلِ میلاد منعقد ہوئی جس میں خصوصی خطاب منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کیا۔ محفل میں منہاج ایشین کونسل کے سیکرٹری جنرل امجد نیاز، منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے سرپرست محمد سکندر باچا، صدر حاجی محمد نجیب، ، چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز ہانگ کانگ حاجی قمر زمان منہاس اور چیئرمین پاکستان ٹریڈز ایسوسی ایشن چوہدری افتخار حسین سمیت عشاقانِ رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
محفلِ میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا جس کی سعادت حافظ تنویر حسین شاہ نے حاصل کی، جبکہ قاری صابر حسین صابری نے نعتِ رسولِ مقبول اور قاری قدرت اللہ سلطانی نے کلامِ باہو پیش کیا۔ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے محفلِ میلاد میں نقابت کے فرائض سرانجام دئیے۔
محفلِ میلاد سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ حضورِ اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالیٰ کی رحمتِ کاملہ ہیں اور آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پانے کے لیے ان ہزاروں پردوں کو جلانا ہو گا جو راہ میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حسد، حرص، لالچ، بغض و عناد، تکبر اور خود پسندی وہ پردے ہیں جو محبوب تک پہنچنے میں رکاوٹ ہیں۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ ایک طرح کے گناہ وہ ہیں جو ہمیں نظر آتے ہیں اور ایک وہ ہیں جو ہمیں نظر نہیں آتے۔ نظر آنے والے گناہوں کا علاج نظر آنے والی عبادات ہیں اور نظر نہ آنے والے گناہوں کا علاج نظرنہ آنے والی عبادات ہیں۔ نظر آنے والی عبادات میں نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ اور صدقہ و خیرات ہیں جبکہ نظرنہ آنے والی عبادات میں آقا صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کی خدمت، بھوکوں کی بھوک مٹانا، بیواؤں، یتیموں اور بے سہارا لوگوں کا سہارا بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں بیماریوں کا علاج منہاج القرآن انٹرنیشنل کر رہی ہے۔ انہوں نے حاضرین کو منہاج القرآن انٹرنیشنل میں شمولیت کی دعوت دی۔
تبصرہ