فرانس: ’فرنچ کونسل آف دی مسلم فیتھ‘ کی جانب سے بین المذاہب ہم آہنگی کا دن (Journee Portes Ouvertes) منایا گیا

پیرس (اے کے راؤ) فرنچ کونسل آف مسلم فیتھ (Conseil français du culte musulman) کی جانب سے فرانس میں بین المذاہب ہم آہنگی کا دن منایا گیا۔ اس سلسلے میں پیرس کی جامع مسجد سمیت ملک بھر کی مساجد میں ہفتہ اور اتوار کو تقریبات منعقد ہوئیں۔ ’یومِ بین المذاہب ہم آہنگی‘ کا مقصد اسلام کے فروغِ امن اور انسدادِ تشدد کے پیغام کو معاشرے کے مختلف طبقات تک پہنچانا تھا۔

اس موقع پر فرنچ کونسل آف دی مسلم فیتھ کے صدر انوار کبیبیچ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کاوش کا مقصد ایسا دوستانہ ماحول پیدا کرنا ہے جس میں لوگ عام مسلمانوں سے مل کر خیالات کا تبادلہ کر سکیں۔ اس سے یہ سمجھنے کا موقع ملے گا کہ دہشت گردی اور پیرس کے حالیہ حملوں سے اسلام کا کوئی تعلق نہیں۔ انوار کبیبیچ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اسلام کے تشدد اور دہشت گردی سے تعلق کے بارے میں باتیں سننے والوں کو اس مذہب کے بارے میں حقیقت سے آگاہ کیا جائے۔

اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے صدر اظہر صدیق نے کہا کہ ہم فرنچ کونسل آف مسلم فیتھ کی کاوش کو سرہاتے ہیں اور اس سلسلے میں مزید تعاون اور مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سارے جہان اور کائنات کے لئے رحمت ہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے دنیا بھر میں قائم مراکز کے دروازے قیامِ امن کی کاوشوں اور تعلیماتِ نبویہ کے فروغ کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی جہالت اور کم علمی کی پیدائش ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی اور برداشت کے جذبے کو پروان چڑھانے پر زور دیا۔

تبصرہ