بادالونا: منہاج ویمن لیگ کے زیراہتمام نبی امن و رحمت کانفرنس

بارسلونا (یوسف چوہدری) منہاج ویمن لیگ بادالونا (سپین) کے زیراہتمام 19 دسمبر 2015ء کو نبی امن و رحمت کانفرنس کے عنوان سے یورپ میں خواتین کی سب سے بڑی محفل میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اہتمام سپورٹس ہال ییفیاہ میں کیا گیا جہاں پر سینکڑوں کی تعداد میں خواتین اور بچیوں نے شرکت کی، اس موقع پر محفل کی منتظمہ کمیٹی کی جانب سے اسپورٹس ہال میں نصب اسٹیج کی خوبصورت جھنڈوں سے زیب آرائش کی گئی تھی جبکہ خواتین کیلئے نیچے بیٹھنے کے علاوہ نشستوں کااہتمام بھی تھا۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قران پاک سے کیا گیا جس کے بعد نعت خوان بچیوں نے دف کے ساتھ بارگاہ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نذرانہ عقیدت پیش کیے۔ نعت خوانی کے دوران پرکیف سما بندھارہا اور ہال سرکار کی آمد مرحبا، نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت اور نعرہ حیدری سے گونجتا رہا۔ محفل کی خاص بات یہ تھی کہ اس موقع پر خصوصی طور پر موئے مبارک کی زیارت کا اہتمام بھی کیا گیا جو کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شاگرد رشید علامہ محمد صادق قریشی الازہری برطانیہ سے خصوصی طور پر اپنے ساتھ لیکر آئے تھے۔

اس موقع پر علامہ محمد صادق قریشی نے سیرت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور زیارت موئے مبارک پر مدلل خطاب کیا جبکہ محفل کے دوران منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین سے منسلک مختلف خواتین عہدیداران نے بھی میلاد شریف کے حوالہ سے قران و حدیث کی روشنی میں گفتگو کی۔ کامیاب محفل کے انعقاد پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا، بادالونا اور اسپتالیت کے جملہ عہدیداران کی طرف سے منہاج ویمن لیگ اور منہاج القرآن بادالونا کو خصوصی مبارک باد دی گئی۔

تبصرہ