جاپان: منہاج القرآن انٹرنیشنل کا محفل میلاد مصطفیٰ (ص) کا انعقاد

ناگویا: منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیرِاہتمام ناگویا شہر میں عظیم الشان محفل میلاد مصطفیٰ (ص) کا انعقاد کیا گیا۔ 12 دسمبر 2015 کو ناگویا کے بڑے ہال میں منعقدہ اس محفل میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے کارکنان سمیت جاپان بھر سے عشاقانِ رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔

محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد شکیل ثانی نے کہا منہاج القرآن انٹرنیشنل نے استقبالِ میلاد کی محفل سجا کر جاپان میں محافلِ میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل کا آغاز کردیا ہے۔ محفل کے شاندار انتظامات کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جاپان کے تمام علاقوں میں محافل میلادالنبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم بڑی عقیدت اور محبت سے منعقد کی جاتی ہیں، مگر منظم اور پروقار محافل کروانے میں ناگویا کے عشاقانِ رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسم اپنی مثال آپ ہیں۔

علامہ شکیل ثانی نے کہا کہ ایمان حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے قلبی تعلق استوار کر لینے کا نام ہے۔ موجودہ دور میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہمارا تعلقِ غلامی اس قدر کمزور پڑ گیا ہے کہ حقیقت میں ہم اپنی منزل سے بہت دور ہٹ چکے ہیں۔ ہمارے ایمان کی پختگی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلقِ محبت و عقیدت کو پختہ کرنے میں مضمر ہے۔ ایمان کی یہ کیفیت ہونی چاہیے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کی تاثیرات سے یہ تعلق محض قال نہیں بلکہ ہمارا حال بن جائے۔ اس کے لئے تحریک منہاج القرآن محافل نعت کا انعقاد کرتی ہے جو عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ادب و تعظیم رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہے۔

تبصرہ