لکھنؤ: منہاج القرآن انٹرنیشل انڈیا کے زیرِاہتمام لکھنؤ اور برودا میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دہشت گردی کے خلاف جاری کردہ مبسوط تاریخی فتویٰ اور انسدادِ دہشت گردی نصاب کی تشہیری مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں لکھنؤ میں تقریب منعقد کی گئی جس میں منہاج القرآن انڈیا کے سیکرٹری جنرل شعیب ملک، منہاج القرآن لکھنؤ کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عامر سید، منہاج القرآن برودا کمیٹی کے ممبر صہیب شیخ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعیب ملک کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے فتویٰ میں صحاح ستہ کی کتب کا حوالہ دے کر احادیثِ صحیحہ سے خوارج کی جو علامات بیان کی ہیں وہ تمام علامات عصر حاضر کے دہشت گردوں میں پائی جاتی ہیں۔ دہشت گرد کم عمر لڑکوں کو خود کش حملوں کیلئے اکساتے ہیں اور معصوم لوگوں کا قتلِ عام کرتے ہیں۔ شیخ الاسلام نے اپنا قلمی جہاد اس محاذ پر جاری رکھتے ہوئے نوجوان نسل کو اسلام کے حقیقی تصور امن سے آشنا کیا اور انسدادِ دہشت گردی کے موضوع پر 25 سے زائد کتب تصنیف کی ہیں۔
انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ شیخ الاسلام نے گزشتہ مہینوں میں علالت کے باوجود 25 کتب پر مشتمل نصابِ امن تیار کیا ہے۔ یہ نصاب انگریزی، عربی اور اردو زبان پر مشتمل ہے۔ یہ نصاب پوری دنیا کے لوگوں کیلئے تیار کیا گیا ہے اور یہ اپنی نوعیت کی منفرد اور پہلی تحقیقی کاوش ہے جس سے نوجوانوں، دانشوروں کو فتنہ خوارج کو سمجھنے اور اسے رد کرنے میں مدد ملے گی۔
تبصرہ