نیو جرسی (امریکہ): میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس 26 دسمبر 2015 کو ميريٹ ہوٹل سیڈل بروک نیوجرسی، امریکہ میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت شيخ بشير اور خواجہ حفیظ احمد نے کی۔ نقابت کے فرائض علامہ محمد شریف کمالوی ڈائریکٹر منہاج القرآن سینٹر نیو جرسی اور علامہ سعید الحسن طاہر ڈائریکٹر منہاج القران سینٹر کنیکٹی کٹ نے سرانجام دیئے۔

کانفرنس کا آغاز تلارت قرآن پاک سے کیا گیا، جس کی سعادت قاری محمد سلیم قادرى اور حافظ معاذ احمد نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد منہاج القران سنڈے سکول کے بچوں نے قصیدہ بردہ شریف پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ دیگر نعت خواں حضرات نے اپنے اپنے مخصوص انداز میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے جن میں الحاج فصیح الدین سہروردی، مظہر علی، محمد اصغر چودھری، منظور الٰہی، محمد اقبال شيخ، مدیحہ شیخ، ماریہ فاطمہ اور سلیم شیخ کے نام شامل ہیں۔

کانفرنس میں مہمان خصوصى علامہ افضال احمد قادری، ڈنمارک سے علامہ حافظ ظہير احمد قادرى اور يو کے سے شيخ علامہ عبدالباسط قادرى نے شان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر مدلل خطابات كيے۔ انہوں نے آیات کی روشنی میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اور اللہ سبحانہ و تعالٰی کی عطا بیان کی۔ انہوں نے کہا حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وۤآلہ وسلم کا اسوہ مبارک اور آپ کے ارشادات ابدی و آفاقی معنویت اور افادیت کے حامل ہیں، ان کی تشریعی حیثیت صرف دور نبوی یا دور صحابہ کے لئے ہی نہیں تھی، بلکہ آج بھی اس کی وہی حیثیت اور افادیت ہے جو دور نبوی میں تھی، قرآن مجید کی ہدایت اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وۤآلہ وسلم کی برکات کا شیریں چشمہ آج بھی جاری ہے۔ ملت کی خیر وفلاح اور انفرادی واجتماعی اصلاح کا راز قرآن وسنت کا دامن مضبوطی سے تھامنے میں ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پڑھایا ہوا سبق ہے جو ہم سنا رہے ہیں۔

کانفرنس کی انتظامیہ محمد امجد شیخ، علی بھائی، خواجہ محمد علی، رانا محمد مزمل اور ان کے معاون خواتین و حضرات نے بڑی محنت کے ساتھ پروگرام کو کامیاب بنایا۔ خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں موئے مبارک کی بھی زیارت کروائی گئی جس کے بعد علامہ ظہیر احمد قادری نے رقت آمیز دعا کروائی۔

رپورٹ: شرجیل احمد

تبصرہ