اٹلی: منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی میں عظیم الشان محفل میلاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی (اٹلی) کے زیراہتمام مورخہ 27 دسمبر 2015 کو اٹلی کے شہر کارپی میں عظیم الشان میلاد جلوس اور محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا، جس کے بعد منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ حاصل کرنے والے کارکنان میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر علامہ محمد عتیق جو کہ ڈنمارک سے تشریف لائے تھے نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کو اپنی زندگیوں کا مقصد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے بچوں کی شادی بیاہ اور سالگرہ کا اہتمام کرتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ روئے کائنات پر رحمت اللعالمین کی ولادت کی خوشیوں کو سب پر فوقیت دیں اور خوب دھوم دھام سے میلاد پاک کو منائیں۔

خطاب کے بعد نماز عصر ادا کی گئی، جس کے بعد لمدی ہال سے میلاد مارچ کا آغاز ہوا۔ میلاد مارچ میں عورتوں اور بچوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی، بچے اس موقع پر خوبصورت لباس زیب تن کیے اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ سلم پر درودوسلام کے نذرانے پیش کرتے رہے۔ شدید سردی کے باوجود عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بہت زیادہ تعداد میں تمام مذہبی و سیاسی اور سماجی تنظیموں نے بھر پور شرکت کی، جلوس کے راستے میں منہاج مرکز کارپی کے ڈائریکٹر علامہ وقار احمد قادری وقفے وقفے سے اپنے پرجوش خطابات کے ذریعے شرکائے جلوس کے دلوں کو گرماتے رہے، جبکہ نعت خوانوں کی ٹولیوں نے نعتوں کے نذرانے اور درود و سلام کے گجرے پیش کر کے ہر طرف سماں باندھ دیا۔

میلاد پاک کا یہ عظیم الشان جلوس شہر کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا منہاج مرکز کارپی پہنچا۔ سارے راستے میں شرکاء درود و سلام، نعت خوانی اور سرکار کی آمد مرحبا کے نعرے لگارتے رہے۔ اٹالین میڈیا اس مارچ کی کوریج کرنے کے لئے بڑی تعداد میں موجود تھا۔

ناظم تحریک منہاج القرآن ساؤتھ اٹلی مختار احمد قادری نے آنے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کارپی کے صدر وقاص بٹ نے کہا کہ منہاج القرآن کے نوجوانوں کا جینا مرنا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت، عشق اور ادب کے لیے ہے، ہم ہر سال ان شاءاللہ اسی طرح کارپی کی سڑکوں پر جلوس نکالتے رہیں گے۔

پروگرام کو کامیاب بنانے میں منہاج یوتھ لیگ کارپی نے خوب محنت کی۔ جلوس کے اختتام پر لنگر تقسیم کیا گیا اور آخر میں علامہ محمد عتیق نے دعا فرمائی۔

رپورٹ: حسن زمان

تبصرہ