کوریا: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام شہادت امام حسین (رض) کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل پوچھن ساؤتھ کوریا کے زیراہتمام مورخہ 08 نومبر 2015ء کو محمد جمیل چودھری (صدر منہاج ایشیئن کونسل) کی زیرصدارت شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں کوریا کے بھر سے منہاج القرآن سے وابستہ کارکنان، بزنس کمیونٹی کے علاوہ مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے راہنماؤں نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تلاوت کی سعادت حافظ محمد طیب نے حاصل کی، محمد شکیل نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی جبکہ وسیم ارشد نے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی شان میں منقبت پیش کی۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض محمد طیب نے ادا کیے۔

منہاج القرآن اسلامک سنٹر کے ڈائریکٹر علامہ محمد رضا قادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا امام حسین نے قربانی دے کر یہ سبق دیا کہ باطل اور طاغوتی طاقتوں کے سامنے کلمہ حق کہنا اور وقت کے یزیدوں سے ٹکرانے میں ہی اسلام کی بقا ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل اپنے عظیم قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں اس ملک کو بچانے کے لئے عوام کی ذہن سازی کر رہی ہے اور ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف یہی ہے کہ یہاں چہرے نہیں نظام بدلنا ہوگا، ہمیں سیاست کو نہیں ریاست کو بچانا ہوگا۔ اس کے لئے باہر نکلو اور ان کے دست وبازو بن کر ملک پاکستان پر مسلط چند مگرمچھوں کو سمندر برد کر کے آقا ئے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت مبارکہ کی روشنی میں اسلامی، فلاحی مملکت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ شہادت امام حسین یہ پیغام دیتی ہے کہ اس دور میں جہاں کہیں بھی طاغوتی طاقتیں سر اٹھائیں تو آپ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں۔

درودوسلام کے بعد محفل کا اختتام ہوا جبکہ سووان سنٹر سے عابد بھائی نے جملہ شرکاء کو لنگر پیش کیا۔

رپورٹ:ظہیر قادری

تبصرہ