کوالالمپور: منہاج القرآن ملائیشیا کے ذمہ داران و کارکنان نے 31 اکتوبر2015 کو کوالالامپور کے لاہور ہوٹل میں ’مجلس ذکر شہدائے کربلا‘ کا انعقاد کیا۔ منہاج القرآن ایشئین کونسل کے امیر و نائب صدر محمد سلیم قادری پروگرام کی سرپرستی کر رہے تھے، جبکہ منہاج القرآن یورپین کونسل کے راہنما حاجی ارشد جاوید کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس میں منہاج القرآن کے رفقاء و کارکنان سمیت خواتین و حضرات نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد سلیم قادری نے حاصل کی، جبکہ اویس رضا علوی اور سید سجاد حسین شاہ نے بارگاہِ رسالتمآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔
شرکاء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب سنایا گیا، جس میں شیخ الاسلام نے سورہ الرحمٰن کی روشنی میں مقامِ امام حسین علیہ السلام اور آپ کی شہادت کی عظمت کو بیان کیا۔ شرکائے مجلس نے شیخ الاسلام کا خطاب توجہ، دلچسبی اور دلجمعی سے سنا۔
محمد سلیم قادری نے شرکائے مجلس سے مخاطب ہوتے ہوئے واقعہ کربلا پر جامع الفاظ میں روشنی ڈالی۔ انہوں نے منہاج القرآن ملائیشیا اور منہاج القرآن کوالالمپور کی تنظیم نو کو سراہتے ہوئے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔
منہاج القرآن ملائیشیا کے صدر طارق محمود علوی نے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دیتے ہوئے شرکاء کو آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا اور رکنیت سازی و حلقہ ہائے درود کے قیام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کی گئیں۔
تبصرہ