کارپی: منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی کے زیراہتمام عظیم الشان فاروق اعظم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت احمد علی نے حاصل کی، جبکہ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ عقیدت کے پھول نچھاور کرنے والوں میں سماب ظفر، ثقلین ظفر اور مرزا امتیاز شامل تھے۔ کانفرنس میں منہاج القرآن ساؤتھ اٹلی کے صدر افضال سیال، ناظم مختار احمد قادری، منہاج القرآن اسلامک سینٹر کارپی کے ناظم حافظ اقدس اور نائب صدر مرزا امتیار بھی شریک تھے۔
منہاج القرآن کارپی کے ڈائریکٹر وقار احمد قادری نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ وہ باکمال شخصیت ہیں جنہیں خود نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے غلاف کعبہ سے لپٹ کر رات کی تنہائیوں میں اپنے رب سے مانگا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جس سدا بہار پودے کو خالق کائنات سے تزئین گلشن کی خاطر مانگ لیا تھا اور خصوصی دیکھ بھال اور توجہ سے اس کی نشونماء فرمائی تھی، وہ عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ ہیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انہیں قربِ خاص عنایت فرمایا۔ خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اپنے دور خلافت میں بےلاگ احتساب کا منظم نظام قائم کیا، جس میں امیرالمومنین کا بھی محاسبہ کیا جاتا تھا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی فہم و فراست، ذہانت، بیدار مغزی، انتظام سلطنت، سیاست، رعب اور عدل و انصاف کی داستانیں اپنوں ہی میں نہیں غیروں کی زبانوں پر بھی جاری ہیں۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے فول پروف خدمت خلق کے نظام کو آج کا یورپ بھی مانتا اور اس پر عمل پیرا ہے۔
کانفرنس کا اختتام درودوسلام کے نذرانوں و ملک و ملت کے لیے دعاؤں کے ساتھ ہوا۔
رپورٹ: حسن زمان
تبصرہ