17 جون انسانیت کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جب پنجاب پولیس نے ظالم حکمرانوں کی ایماء پر چودہ نہتے لوگ جن میں دو خواتین بھی شامل تھیں کو شہید اور سو سے زائد لوگوں کو سیدھی گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کو ایک سال گزرنے کے باوجود انصاف نہ مل سکا۔ سانحہ ماڈل کے شہداء سے اظہار یکجہتی اور انصاف کے حصول کےلیے منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے اور پاکستان عوامی تحریک نے پاکستان ایمبیسی ناروے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں پاکستان تحریک انصاف، مجلس وحدت المسلمین، مسلم لیگ ق اور دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور نواز حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
مسلم لیگ ق اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اظہار خیالات کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پاکستان کی تاریخ کا بدترین اور سنگین ظلم پر مبنی حکومتی کا سیاہ ترین کارنامہ ہے۔ ایک سال گزرنے کے باوجود شہداء کے لواحقین کو انصاف نہ ملنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمران طبقہ طاقت کے نشے میں چور ہو کر اور طاقت کا غلط استعمال کر کے مظلوموں اور شہداء کو انصاف نہیں دے رہا۔ ہم انصاف کے حصول تک شہداء ماڈل ٹاؤن کے ساتھ ہیں۔
محمد اقبال فانی ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے نے جعلی JIT کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ JIT کی رپورٹ سراسر ناانصافی اور ظلم پر مبنی ہے اور JIT کی رپورٹ شائع کرنے والے مسخروں کا ٹولہ ہے ہم اسے مسترد کرتے ہیں اور فوجی عدالتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا مقدمہ فوجی عدالتوں میں چلایا جائے اور مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
نور احمد نور ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل درمن ناروے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ JIT کی رپورٹ قوم کے ساتھ مذاق ہے۔ شہدیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ ان شاءاللہ وہ دن دور نہیں جب گنجا راج ختم ہوگا اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔
محمد افضل انصاری صدر پاکستان عوامی تحریک ناروے نے کہا پاکستان کی اعلی عدالتیں چھوٹی سی چھوٹی بات پر سو موٹو لے لیتی ہیں لیکن انہیں چودہ لوگوں کا خون نظر نہیں آتا، ہم مطالبہ کرتے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔
طاہرہ فردوس ناظمہ دعوت و تربیت منہاج القرآن انٹرنیشل ناروے نے کہا کہ ہم شہدیوں کے خون کو نہیں بھولے، انصاف کے حصول تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ہمارے جذبے جواں ہیں، نہ ہم جھکنے والے ہیں اور نہ ہم تھکنے والے ہیں۔
اعجاز احمد وڑائچ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس باقر کی رپورٹ کو شائع کردیا جائے تو سب کچھ سامنے آ جائے گا اور ان شاءاللہ انصاف مل جائے گا۔ اس موقع پر سانحہ ماڈل کے شہداء کے حق میں ایک قرارداد پیش کی گئی جس میں تمام شرکاء نے دستخط کئے اور اسے پاکستان ایمبیسی میں پیش کیا گیا۔
رپورٹ۔ قیصر محمود انفارمیشن سیکرٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے
تبصرہ