امریکہ: نیوجرسی میں شبِ برات کا روحانی اجتماع

منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ کے زیرِاہتمام 2۔ جون 2015ء کو منہاج القرآن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر نیوجرسی میں شبِ برات کے موقع پر روحانی اجتماع کا انعقاد اور شب بیداری کا اہتمام کیاگیا، جس میں خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجتماع کا آغاز نمازِمغرب کے بعد شبِ برات کے خصوصی نوافل کی ادائیگی، وظائف و اوراد، سورہ یٰسین اور سورہ الدخان کی تلاوت کے ساتھ کیاگیا۔ نمازِعشاء کے بعد روحانی اجتماع کے دوسرے سیشن میں محفلِ نعتِ رسولِ مقبول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد کی گئی, جس میں حافظ معاذ احمد اور محسن احمد نے تلاوت قرآن پاک، محمد اصغر، محمد سلیم شیخ، محمد ابراہیم، ساجد سید، محمد اقبال اور ماسٹر منیر احمد نے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہِ اقدس میں عقیدت کے پھول نچھاور کرنے کی سعادت حاصل کی۔ منہاج القرآن اسلامک سینٹر نیوجرسی کے ڈائریکٹر علامہ محمد شریف کمالوی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے شبِ برات کو شبِ توبہ اور شبِ مغفرت بنایا ہے تاکہ ہم اس رات اپنے گناہوں پر نادم ہو کر سچی توبہ کر سکیں اور آئندہ گناہوں سے بچنے کا عہد کریں۔ شبِ برات کو توبہ کی قبولیت بڑھ جاتی ہے۔

اس موقع پر منہاج القرآن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر نیوجرسی کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ ہر ہفتہ کو صبح 11 بجے سے 1 بجے تک خواتین اور ہر روز نمازِعشاء کے بعد مردوں کے لیے ترجمہ و تفسیر اور تجوید کی کلاسز ہوتی ہیں، جبکہ بچوں کے لیے سنڈے سکول اور ناظرہ کی کلاسز بھی شروع کی جاری ہیں۔

آخرِشب میں صلاۃ التسبیح باجماعت ادا کی گئی۔ درود و سلام اور دعائیہ کلمات کے ساتھ روحانی اجتماع کا اختتام ہوا۔

تبصرہ