منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام 15 مئی 2015ء کو منہاج القرآن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر نیو جرسی امریکہ میں معراج النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیاگیا، پروگرام کا وقت 10 بجے سے لے کر 1 بجے تک کا تھا۔ محفل کا آغاز حافظ تنویر احمد اور عاطف سید نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول درودوسلام کی صورت میں نچھاور کیے گئے۔ محفل میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
بعدازاں محفل نعت سجائی گئی جس میں محمد اصغر، محمد سلیم شیخ، محمد شوکت، ساجد سید، محمد اقبال، محمد شکیل اورامن خان دل نے آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں مدح سرائی کی۔ نقابت کے فرائض ڈائریکٹر منہاج القرآن سنٹر نیوجرسی علامہ محمد شریف کمالوی نے سرانجام دیئے۔ انہوں نےاعلان کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ اس سنٹر پر ہر ہفتہ کو 11 بجے سے 1 بجے تک خواتین کے لیے اور ہر بدھ کو مغرب سے عشاء تک مردوں کے لیے ترجمہ و تفسیر اور تجوید کی کلاسز ہوتی ہیں جبکہ بچوں کے لیے سنڈے سکول اور ناظرہ کی کلاسز بھی جاری ہیں۔
علامہ محمد شریف کمالوی نے معراج کے موضوع پر مدلل خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ غیب ہے، اس کے فرشتے، جنت، دوزخ، سب غیب ہے۔ لوگوں کو بتانا تھا کہ یہ سب کچھ ہے اس لیے اللہ نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو بلا کر سب کچھ دکھا دیا تا کہ جو لوگ سوال کرتے ہیں انہیں آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم پوری تسلی کے ساتھ بتائیں۔
ڈاکٹر محمد اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ سفر معراج حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سب سے بڑا معجزہ ہے اور اس میں جو تحفہ اللہ نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کی امت کو عطا کیا وہ نماز ہے۔ انہوں نے کہا کہ نماز اللہ تعالیٰ سے مناجات ہیں اور تہجد اللہ تعالیٰ سے ملاقات کا ذریعہ ہے۔ ان کےخطاب کے بعد صلات التسبیح باجماعت ادا کی گئی۔ آخر میں درود وسلام پڑھا گیا اور دعائیہ کلمات پر محفل کا اختتام ہوا۔
تبصرہ