منہاج القرآن انٹرنیشنل کوریا کے زیراہتمام محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول مردان علی قادری، وسیم قادری اور محمد نور نے نچھاور کیے، جبکہ نقابت کے فرائض میاں محمد اشرف نے سرانجام دیئے۔
اس موقع پر امیر ایشیئن کونسل محمد جمیل قادری نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم زندہ معجزہ ہے جس کی تصدیق قرآن پاک نے کی، معجزہ سے انکار کرنے والے ابوجہل اور تصدیق کرنے والے سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے لقب سے مشہور ہوئے۔
محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد رضا قادری نے کہا کہ معجزات اللہ رب العزت کی قدرت کاملہ کا پرتو ہوتے ہیں اور معجزات سے اللہ اپنے بندوں کو صراط مستقیم دکھاتا ہے۔ اللہ نے امت کی قوت ایمانی کی آزمائش اور انبیاء کے دعویٰ نبوت کی صداقت کیلئے انہیں معجزات سے نوازا اور تمام معجزات ملکر بھی معجزہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عالمگیریت اور حقانیت کو نہیں پہنچ سکتے۔
پروگرام کو ترتیب دینے کےلیے ظہیر قادری، حافظ آتیب اور قاری عدنان نے اہم کردار ادا کیا۔ پروگرام کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت کاملہ اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ