سیدنا مولا علی رضی اللہ عنہ شیر خدا کی ولادت کی خوشی میں سالانہ عظیم الشان محفل امام بارگاہ محمد واٰل محمد اباراکی کین میں 13 رجب المرجب بعد نماز مغرب جشن مولود کعبہ رضی اللہ عنہ کے عنوان سے منعقد کی گئی، جس میں جاپان بھر سے کثیر تعداد میں سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے عشاقان نے بھرپورشرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ جس کے بعد ثناء خوانوں نے خوبصورت انداز میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، منقبت، و شان علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی محبت میں کلام بھی پیش کیے۔ جس میں یوکی کے عظیم ثناء خوان محمد اقبال نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ بعد ازاں محمد تقی اور محمد اقبال کیمانی سرپرست اعلیٰ امام بارگاہ محمد واٰل محمد نے حضرت علی المرتضی رضی اللہ عنہ کی شان میں قصیدہ شریف بھی پیش کیا اور دیگر ثناء خوانوں نے بھی اپنا اپنا کلام پیش کیا۔ محفل میں خصوصی خطاب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شاگرد خاص علامہ محمد شکیل ثانی (ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹر نیشنل جاپان) نے کیا۔ انہوں نے کہا سیدنا علی المرتضی رضی اللہ عنہ شیر خدا امام المتقین اور فاتح خیبر ہیں، حضرت علی رضی اللہ عنہ کی ولادت کا جشن محبت اہل بیت رضی اللہ عنہ پر دلالت کرتا ہے۔ انہوں نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جس نے علی رضی اللہ عنہ سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے علی سے بغض رکھا اس نے مجھ سے بغض رکھا، اور ایک مقام پر ہے کہ حب علی رضی اللہ عنہ عبادت ہے جس پر علامہ محمد شکیل ثانی نے خوبصورت شعر پڑھتے ہوئے کہا:
علی سے بغض بھی اور حج کی خواہش بھی
عبادتوں کا بھی کوئی اصول ہوتا ہے
تو علی کی جائے ولادت سے انحراف تو کر
میں دیکھوں تیرا حج کیسے قبول ہوتا ہے
علامہ محمد شکیل ثانی نے مزید کہا کہ یہ دور فتنوں کا دور ہے۔ انہوں نے حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ قرب قیامت کی کچھ علامات ہیں جن میں سے ایک یہ کہ بارش کے باوجود فصلیں نہ ہوں گی، سود خوری عام ہو جائے گی، زنا کرنے والے کثرت سے ہوں گے، مالدار کی عزت کی جائے گی، مساجد میں فاسق لوگ غل غپاڑہ کریں گے اور خودکو کامل مسلمان کہلوایا کریں گے، بُرے لوگ اہل حق پر غالب آجائیں گے، جھگڑا کرنے والے لوگوں کو دوست بنائیں گے، بدکار آدمی کی عزت کی جائے گی اور انصاف پسند عاجز آجائیں گے، نماز بطور احسان ہی پڑھی جائے گی، زکوٰۃ کو تاوان قرار دیا جائے گا، امانت کو مال غنیمت قرار دیا جائے گا، قراء کی کثرت ہوگی، ایسے حالات میں بچوں کی حکمرانی ہوگی، عورتوں کا غلبہ ہوگا اور باندیوں سے مشورے ہونگے۔
آخر میں پیغام دیتے ہوئے علامہ محمد شکیل ثانی نے کہا کہ منہاج القرآن اس صدی کی عالمگیر تحریک ہے، جس نے دنیا بھر میں پیغام امن و محبت کا درس عام کیا ہے، دہشتگردی وفرقہ پسندی کے خاتمے کے لئے شب و روز محنت کی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دنیا بھر میں محبت اہل بیت اطہار کا درس دیا ہے۔ محفل میں اختتام پر مولا علی شیر خدا رضی اللہ عنہ کی ولادت کی خوشی میں خوبصورت کیک کاٹا گیا۔ بعد ازاں محمد اقبال کیمانی (سرپرست امام بارگاہ محمد واٰل محمد اباراکی کین جاپان )نے محفل میں آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ درود سلام اور لنگربھی پیش کیا گیا اور اختتام پر عالم اسلام اور بالخصوص پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ