منہاج القرآن انٹر نیشنل (بحرین) کے زیراہتمام 19 فروری 2015ء کو قائد ڈے کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی، انڈین اور بنگالی کمیونٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت عابد حسین نے حاصل کی، جبکہ نعت شریف پڑھنے کا شرف حسان مصطفے نے حاصل کیا۔
شرکائے محفل سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری یحیی جاوید (ناظم مالیات منہاج القرآن انٹرنیشنل بحرین) نے شیخ الاسلا م کے علمی میدان میں نمایاں کارکردگی کو اجاگر کیا، انہوں نے شرکاء محفل کو آپکی تصانیف کے مطالعہ اور سماع خطابات کی تلقین کرتے ہوئے مشن میں شمولیت کی دعوت دی۔
سید شفقت علی شاہ (ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل بحرین) نے اپنے خطاب میں موجودہ سیاسی زوال پر گفتگو کرتے ہوئے حکمرانوں کی کرپشن، غربا کا استحصال اور ملک میں موجودہ لاقانونیت اور غضب حقوق کی بات کرتے ہوئے اس ضمن میں شیخ الاسلام کی انقلابی جدوجہد کو اجاگر کیا، انہوں دھرنے کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئےحاضرین محفل کو مشن کے ساتھ وابستہ ہونے کی دعوت بھی دی۔
فیض الحسن (صدر منہاج القرآن انٹڑنیشنل بحرین)نے اپنے خطاب میں بین الاقوامی سطح پر امت مسلمہ کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے شیخ الاسلام کو آخری کرن قرار دیا اور کہا کہ اس دور زوال میں ڈاکٹر صاحب اللہ تعالی کی حجت اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اعجاز کا مظہر ہیں اور اللہ تعالی نے ڈاکٹر طاہرالقادری کو وہ اعجاز بخشا ہے جس کی تاثیر قلوب کے ذریعے ارواح تک چلی جاتی ہے، انہوں نے حاضرین محفل کو اس مصطفوی کارواں میں شامل ہونے کی دعوت دی اور کارکنان کو مشن کے ساتھ وابستہ رہنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس نعمت پر سجدہ شکر اداکرتے رہنے کی تلقین کی۔
چوہدری اشرف بھنڈر (امیر تحریک منہاج القرآن بحرین) نے اظہار تشکر ادا کرتے ہوئے دنیا و آخرت میں نجات کا واحد ذریعہ منہاج القرآن کے ساتھ وابستگی کو قراردیا۔ انہوں نے شیخ الاسلام کی ہمہ جہت شخصیت اور نابغہ عصر ہستی سےفیض یافتہ ہونے کی تلقین کرتے ہوئے حاضرین محفل کو عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس کارواں میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے رقت آمیز لہجہ میں دعاکی۔
آخرمیں مہمانوں کیلیے پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، انتظامی امور میں شیخ عبدالعزیز بخاری، عابدحسین، قادر شاہ، محمد آصف اور ظفر ممتاز نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ملک شاہد اعوان نے انتظامی امور کے علاوہ فوٹو اور گرافی کمپوزنگ کا کام بھی انجام دیا۔
رپورٹ: ملک شاہد اعوان
تبصرہ