منہاج القرآن کے مرکزی قائدین کے ایک وفد نے نئی دہلی، انڈیا میں اولیاء کرام کے مزارات پر حاضری دی۔ وفد میں مرکزی ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا اور پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے نائب صدر راجہ زاہد محمود شامل تھے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا سے صدر منہاج القرآن بڑودھہ سید ناد علی حسن علی، صدر یو پی کانپور عبدالحمید خان، ناظم تحریک دہلی رضوان قادری، محمد جنید خان کوآرڈینیٹر انٹرفیتھ ریلیشنز دہلی اور سید مسرور حسین صدر تحریک دہلی بھی شامل تھے۔
وفد نے حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ، حضرت امیر خسرو رحمۃ اللہ علیہ، حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی، حضرت شاہ عبدالرحیم، حضرت شاہ عبدالعزیز رحمۃ اللہ علیہ کے علاوہ خواجہ حمید الدین ناگوری رحمۃ اللہ علیہ، حضرت خواجہ بختیار کاکی رحمۃ اللہ علیہ، حضرت مخدوم نصیر الدین محمود روشن چراغ دہلوی رحمۃ اللہ علیہ، حضرت خواجہ باقی باللہ رحمۃ اللہ علیہ، حضرت سلطان التمش رحمۃ اللہ علیہ کے مزارات پر انتہائی عقیدت مندی سے حاضری دی۔
سہیل احمد رضا اور راجہ زاہد محمود سمیت دیگر قائدین نے حضرت خواجہ نظام الدین اولیا رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقدری کی جانب سے پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ اس دوران انہوں نے عالم اسلام کی ترقی، پاکستان کی سلامتی اور شیخ الاسلام کی صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
تبصرہ