منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ کے سابق صدر مجلس شوریٰ مرزا صغیر احمد نے مورخہ 08 فروری 2015 کو اپنے گھر آفن باخ میں محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا خوبصورت اہتمام کیا جس میں آفن باخ کے علاوہ فرینکفرٹ اور ڈیژن باخ سے عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی اور اس روحانی محفل کا حصہ بنتے ہوئے فیوض و برکات سے مستفید ہوئے۔ پاکستان سے یورپ کے تبلیغی دورے پر تشریف لائے صاحبزادہ محمد حبیب اللہ نقشبندی (سجادہ نشین دربار عالیہ خلیل آباد شریف) نے محفل کی صدارت کی۔
نماز مغرب کے بعد تلاوت کلام پاک سے محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا جس کی سعادت عبدالقدیر بٹ نے حاصل کی۔ حافظ شوکت حسین نے محفل کی کاروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے بارگاہ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لئے نعت خواں حضرات کو دعوت دی جن میں حاجی محمد افضل قادری، سید افضال شاہ اور ہمبرگ سے تشریف لائے نوجوان نعت خواں محمد عمران قادری شامل تھے۔ علامہ عبدالطیف چشتی الازہری فاضل بھیرہ شریف نے اپنے خطاب کے آغاز پر مرزا صغیر احمد کو اتنی شاندارمحفل میلاد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کرنے پر خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہال کے درودیوار بتا رہے ہیں کہ کسی عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا گھر ہے، اُنہوں نے اپنے خطاب میں حضور نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضائی بہن حضرت شیما کا مشہور زمانہ واقع بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ حضرت شیما فرماتی ہے کہ جب میں اور میرے پیارے بھائی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بکریاں چرانے جایا کرتے تھے تو بادل آسمانوں پر سایہ کرنے کے لئے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ چلتے تھے جو شخص بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دیکھتا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حسن و جمال کی تعریف کئے بنا نہ رہ سکتا۔ میں اپنے بھائی محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعریف سنتی تو میری خوشی کی کوئی انتہا نہ رہتی۔ حضر ت شیما فرماتی ہے کہ مجھے اُسی وقت اندازہ ہو گیا تھا کہ ایک وقت آئے گا کہ دُنیا میرے بھائی محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دیوانی ہوگی۔
علامہ شوکت اعوان نے کہا کہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اعتراض کرنے والے اس بات سے ناواقف ہیں کہ قرآن پاک الحمد سے لیکر والناس تک سارے کا سارا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نعت ہے چوبیس گھنٹوں میں کوئی ایک گھڑی ایسی نہیں جب آسمانوں سمیت زمین کے اوپرحتیٰ کہ زمین کے نیچے حضور تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں نعت نہ پڑھی جاتی ہوں۔ صبح سے لیکر شام تک تمام فرشتے تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درودوسلام کا نذرانہ پیش کرتے ہیں یہ نعت نہیں اور تو کیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جب کوئی انسان دُنیا سے چلا جاتاہے تو قبر کی پہلی رات جب اُس سے یہ سوال کیاجاتا ہے کہ بتا تو ان کے بارے میں جن کا نام محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے دُنیا میں کیا کہا کرتا تھا اگر تو بندہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پہچان کرتے ہوئے جواب دے گا(اور قبر میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پہچان اُسی کونصیب ہوگی جو دُنیا میں تاجدار کائنات سے محبت کیا کرتا تھا اس پر امام احمد رضا خاں بریلوی فرماتے ہے کہ آج لے اُن کی پناہ اور آج مدد مانگ اُن سے پھر نہ مانیں گے قیامت میں اگر مان گیا) کہ یہ میرے آقا و مولا محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے تو قبر جنت کے باغوں میں سے ایک باغ اور اگر جواب نہ دے سکا تو قبر جہنم کے گھڑوں میں سے ایک گھڑا تو قبر میں جو تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں پوچھا جارہا ہے یہ نعت نہیں تو اور کیا ہے۔
محفل کے اختتام پر حاجی محمد افضل قادری اور محمد عمران قادری نے تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں درودوسلام کا نذرانہ پیش کیا اور صاحبزادہ محمد حبیب اللہ نقشبندی نے حاضرین کے لئے اجتماعی دُعا فرماتے ہوئے مرزا صغیر احمد اور ان کے گھر والوں کو شاندار محفل میلاد منانے پر مبارکباد پیش کی۔ دُعاکے بعد حاضرین محفل کی تواضع لذیز کھانوں سے کی گئی۔
رپورٹ: مرزا صغیر احمد
تبصرہ