ہالینڈ: روزِ محشر میزان میں اعمال کا دارومدار نسبتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ہو گا۔ علامہ رانا محمد ادریس

منہاج القرآن انٹرنیشنل ہالینڈ کے زیر اہتمام مورخہ 22 جنوری 2015 میلاد کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کے شرکاء سے خصوصی خطاب کے لئے پاکستان سے عظیم سکالر رانا محمد ادریس قادری تشریف لائے تھے۔ کانفرنس میں شرکاء کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لئے پاکستان سے ممتاز نعت خواں الحاج محمد افضل نوشاہی تشریف لائے جنہوں نے کانفرنس میں خوب سماں باندھا۔ کانفرنس کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ حافظ نذیر احمدالقادری نے کی۔ پاکستان سے تشریف لائے عظیم سکالر علامہ رانا محمد ادریس قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح قبر کے سوالات میں اگر سب سوالوں کے جواب درست بھی ہوں لیکن پیارے کریم آقا حبیب کبریا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کے بارے سوال کا صحیح جواب نہ دے سکے تو پہلے امتحان میں ہی فیل ہوجائیں گے اور قبر کے معاملات سخت اذیت ناک ہونگے، قبر میں بھی ایمان کا معیارذاتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پہچان سے مشروط ہے۔

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ جب محشر بپا ہوگا قیامت کی سختیاں اپنے عروج پر ہونگی وہاں کامیابی کے لئے جس میزان میں اعمال تولے جائیں گے اس میزان کا معیار صرف نسبتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور محبتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر قائم ہوگا جن اعمال میں یہ محبت اور نسبت نہیں ہوگی وہ اعمال اللہ تبارک وتعالیٰ کے حضور قابلِ قبول نہیں ہونگے لہذا ہمیں چاہئے کہ اپنے ہر عمل میں اللہ کے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حکم کو پیشِ نظر رکھیں کیونکہ ہم نے اللہ کو اللہ مانا تو پیارے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے ماناہے۔ صرف لاالہ الا اللہ سے کام نہیں چلے گا بلکہ محمدالرسول اللہ کو بھی جاننا اور ماننا پڑے گا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جاننے اور ماننے کا معیار صحابہ کرام نے اپنی زندگی میں عملی طور پر ہمیں بتا دیا ہے۔ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اورکتبِ احادیث اس پر تاقیامت گواہ ہیں۔

علامہ رانا محمد ادریس قادری نے مزید کہا کہ جس طرح دنیا میں ہر چیز کو پرکھنے کے لئے ایک کوالٹی کا معیار ہوتا ہے اور مختلف پیمانے ہوتے ہیں اور ان پیمانوں اور مقرر کردہ کوالٹی کے مطابق کسی بھی چیز کی اہمیت کا تعین کیا جاتا ہے، اسی طرح اللہ تبارک وتعالیٰ کے نزدیک روزِ قیامت جب تمام انسانوں کے اعمال کو جانچنے کے لئے میزان لگایا جائیگا تو اس میزان میں وہی عمل فائدہ مند ثابت ہوگا جس عمل کا تعلق اللہ اور پیارے رسول اللہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوگا۔ سفیر منہاج القرآن یورپ حافظ نذیر احمد القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کے قیام کا مقصد ہی امت میں عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شعور کو پیدا کرنا ہے اور اس عظیم پیغام کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری پوری دنیا میں عام کر چکے ہیں اور منہاج القرآن احیائے اسلام کی تحریک کے طور پر کام کر رہی ہے اور یورپ میں اس تحریک کے ساتھ وابستہ ہوکر لاکھوں لوگوں کی زندگی بدل چکی ہے اور سینکڑوں کی تعداد میں غیر مسلم بھی اسلام قبول کر چکے ہیں۔

رپورٹ: امانت علی چوہان

تبصرہ