آئرلینڈ کے شہر لمرک میں مورخہ 20 جنوری 2015 کو فلسطینی عوام پر مظالم اور اسرائیلی ظلم وبربریت اور عالمی دہشت گردی کے خلاف آئریش تنظیم کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں منہاج القرآن کو خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی۔ احتجاجی مظاہرہ میں عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے فرخ وسیم بٹ اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ساتھ امن مارچ میں شریک ہوئے۔جملہ شرکاء نے اپنی اپنی پارٹی کے جھنڈے اتھائے ہوئے تھے اور مختلف کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جس میں دہشت گردی، اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے صدر فرخ وسیم بٹ نے امن مارچ کے شرکاء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن، محبت اور باہمی رواداری کا درس دیتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے سب سے پہلے دہشت گردی کے خلاف 600 صفحا ت پر مشتمل فتویٰ جاری کیا اور ثابت کیا کہ دہشت گرد صرف مسلمان ہی نہیں یا صرف اسلام میں ہی نہیں بلکہ کسی بھی مذہب اور ملک سے ہو سکتے ہیں۔
فرخ وسیم بٹ نے دنیا بھر میں ہونے والی دہشت گردی، کشمیری مسلمانوں پر مظالم، فلسطینی عوام پر ظلم وستم اور اسی طرح کی دیگر دہشت گردی کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے لہذا دہشت گردی اور اسلام کو آپس میں نتھی نہ کیا جائے بلکہ دہشت گردی کی ہر حال میں مذمت کی جانی چاہئے۔ دیگر مذہبی، سیاسی و سماجی جماعتوں کے راہنماؤں نے بھی اپنے خطاب میں دہشت گردی کی مذمت کی اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جان والے مظالم پر پوری دنیا میں اسرائیلی اشیاء کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔
رپورٹ: فرخ وسیم بٹ
تبصرہ