برطانیہ: منہاج القرآن بریڈ فورڈ کے زیر اہتمام میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل اسلامک سنٹر بریڈ فورڈ (برطانیہ) کے زیر اہتمام مورخہ 02 جنوری 2015 کو عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے محفل میلاد منعقد ہوئی جس کی صدارت علامہ محمد افضل سعیدی (صدر MQI برطانیہ) نے کی۔ محفل میلاد میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری سید معین شاہ نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض علامہ حافظ زاہدالرحمان (ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر بریڈ فورڈ) نے ادا کئے جبکہ مقامی نعت خواں عاطف ریاض قادری، ناصر کریم اور اعجاز احمد قادری نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ کم عمر ثنا خواں محمد اسماعیل حسین نے اپنی سریلی آواز سے محفل کے ماحول کو گرما دیا جس کے ساتھ ہر طرف سے درود وسلام کی صدائیں بلند ہونے لگیں۔ بعد ازاں پاکستان سے آئے نعت خوان قاری احمد رضا جماعتی، قاری شاہد محمود اور سید الطاف حسین شاہ کاظمی نے اپنے خوبصورت اور منفرد انداز میں کلام پیش کیا، جس سے محفل کے شرکاء جھوم اٹھے اور فضا نعرہ تکبیرورسالت سے گونج اٹھی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر علامہ محمد افضل سعیدی نے انگریزی زبان میں انتہائی مدلل اور خوبصورت خطاب کیا جس کے پہلے حصے میں عقیدے کی درستگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درست عقیدہ ایمان کی اساس ہے، جس سے نہ صرف ہم اپنی آنے والی نسلوں کے ایمان کو بچا سکتے ہیں بلکہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ٹوٹے ہوئے تعلق غلامی کو مضبوط کر سکتے ہیں۔ دوسرے حصہ میں علامہ محمد افضل سعیدی نے گفتگو کرتے ہوئے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں کہا کہ اسلام امن وسلامتی اور محبت ومروت کا دین ہے۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق مسلمان وہی شخص ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے مسلم وغیر مسلم سب انسان محفوظ رہیں۔ انسانی جان کا تقدس و تحفظ شریعت اسلامی میں بنیادی حیثیت کا حامل ہے۔ خطاب کے تیسرے حصہ میں میلاد اور مولود النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شرعی حیثیت کو قرآن وحدیث کی روشنی میں بیان کیا۔

محفل میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کامیابی کا سہرا بریڈ فورڈ کی پوری انتظامیہ اور بطور خاص سیرت علی خان (صدر ادارہ)، محمود حسین قادری، عبدالقدیر، عبدالکریم اور محمد رمضان کے سر جاتا ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ بریڈ فورڈ کے نوجوان محمد حذیفہ الیمانی، ناصر کریم حافظ مدثر راجہ اور حارث علی خان نے بھی قابل تحسین محنت کی۔ پروگرام کے اختتام پر درودوسلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ علامہ محمد افضل سعیدی نے خصوصی دعا کرائی۔

رپورٹ: حافظ محمد زاہد الرحمان

تبصرہ