پیرس میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعہ کے خلاف گزشتہ روز بارسلونا میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیمات نے Rambla Raval پر مشترکہ طور پر احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا جس میں پاکستانی تنظیموں کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ کاتالان اور سپانش میڈیا، شامی اور مراکشی تنظیموں کے نمائندوں، پاکستانی ویلفیئر قونصلر محمد اسلم غوری، کاتالان ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور،مقامی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، سابق اور موجودہ ممبران پارلیمنٹ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے مرکزی صدر مرزا محمد اکرم بیگ، سیکریٹری جنرل یوسف بلال، محمد نواز کیانی، محمد اقبال چوہدری، نوید احمد اندلسی، علامہ غلام عربی، قدیر احمد خان، راحیل اکرم ایڈووکیٹ، یوسف چوہدری، چوہدری پرویز اختر، محمد نواز قادری کے ساتھ ساتھ پاکستان عوامی تحریک، منہاج یوتھ لیگ اور منہاج ویمن لیگ کے دیگر ممبران نے بھی شرکت کی ۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سینئر رہنماء اور پاکستان عوامی تحریک سپین کے نامزد صدر محمد اقبال چوہدری نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی کی طرف سے احتجاجی یاداشت پیش کی، انہوں نے کہا کہ ہم پیرس میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، ہمیشہ دہشتگردی کے واقعات کے بعد سب سے زیادہ نقصان یورپ میں بسنے والے مسلمانوں کو ہی پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا اسلام امن و سلامتی اور محبت و مروت کا دین ہے۔ انسانی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ شریعت اسلامی کے اہم مقاصد میں سے ہے۔ کسی بھی انسان کی ناحق جان لینا یا اسے اذیت دینا فعل حرام ہے، قطع نظر اس کے کہ وہ انسان مسلم ہے یا غیر مسلم۔
مظاہرہ کے شرکاء نے بینر اور کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر قتل و غارت اور دہشتگردی کی مذمت اور امن کو فروغ دینے کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے امن کے فروغ اور انسانیت کے احترام کے لیے روشن کردہ شمعوں کے ساتھ سپانش زبان میں PAZ کا لفظ لکھا۔اس موقع پر سیکورٹی کے لیے بارسلونا اور کاتالونیا کی پولیس مظاہرین کے ساتھ موجود تھی۔ مظاہرہ میں موجود منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین سیکریٹری جنرل یوسف بلال، منہاج ویمن لیگ کی ادیبہ اصغر اور عندلیب شریف اور منہاج یوتھ لیگ سپین کے سیکریٹری جنرل محمد عمران کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے راجہ شفیق کیانی طاہر رفیع اور کامران خان نے خبر رساں ایجنسیوں، ہسپانوی اخبارات اور ٹیلی ویژن چینلز کے نمائندوں کو انٹرویو دیتے ہوئے ہر قسم کی قتل و غارت اور دہشتگردی اور خصوصی طور پر اسلام کے نام پر ہونے والی دہشتگردی کی بھرپور مذمت کی اور بقائے باہمی کے جذبہ کے تحت اچھی ہمسائیگی، بین المذہب ہم آہنگی اور ڈائیلاگ کو فروغ دینے پر زور دیا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز کاتالونیا بھر کی مسلمان تنظیمات کی فیڈریشن اسلامک کونسل آف کاتالونیا سمیت دیگر مسلمان تنظیمات کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بھی پیرس میں ہونے والی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔
رپورٹ: نوید احمد اندلسی
تبصرہ