مورخہ 7 دسمبر 2014ء منہاج القرآن مانچسٹر کے زیراہتمام عظیم الشان محفل ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور گیارہویں شریف کا انعقاد کیا گیا جس کا باقاعدہ آغاز کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت محمد احمد القادری، محمد شہباز وارثی، محمد اشفاق وارثی، محمد زین اور محمد کبیر نے حاصل کی۔ اس موقع پر منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوانوں نے اپنے خوبصورت انداز میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے جس نے سامعین کو اشک بار کر دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نوجوان مذہبی سکالر علامہ محمد ہارون عباسی الازہری تقویٰ کے موضوع کو اپنا لب سخن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے بنیادی اہداف میں سب سے پہلا ہدف تعلق باللہ ہے اور آج کی یہ محفل اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے قرآن مجید کی آیت کریمہ يا أيها الذين آمنوا اتقوا الله وكونوا مع الصدقين کی روشنی میں کہا کہ تقویٰ، رب اور بندے کے درمیان ربط قائم رکھنے والی شے کا نام ہے۔ اس طرح تقویٰ اللہ کی بارگاہ میں پہنچنے کے لیے ایک بہترین رہنمائی ہے مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ سب سے پہلے اپنی منزل کو متعین کرنا ہوگا۔ ہماری منزل اللہ تعالیٰ کا دیدار ہونا چاہیے جس کے لیے ہمیں تقویٰ کو بطور رہنمائی استعمال کر کے حاصل کرنا ہوگا اور یہ تقویٰ کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ تقویٰ حاصل کرنے کے لیے سب سے بہترین صحبت منہاج القرآن ہے جہاں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سنگت اپنا کر صدق و اخلاص کے ساتھ خدمت کرنا ہے، ان شاءاللہ اس کے ذریعے ہماری منزل طے ہو جائے گی۔ یہ ہماری خوش بختی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس عظیم تحریک اور قیادت کی سنگت عطا فرمائی ہے۔
پروگرام میں مانچسٹر کی تمام ذیلی تنظیمات اور فورمز جن میں منہاج القرآن، منہاج وویمن لیگ اور منہاج القرآن یوتھ لیگ نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر نقابت کے فرائض شہاب الدین نے سرانجام دیئے۔ پروگرام کے آخر میں ذکر اور ختم غوثیہ پڑھا گیا۔
پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا جس کے بعد تمام حاضرین کو لنگر غوثیہ پیش کیا گیا۔
تبصرہ