اوسلو (ناروے): منہاج القر آن انٹرنیشنل کے زیراہتمام سالانہ شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس

(مورخہ 1 نومبر 2014 بروز ہفتہ) منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے زیراہتمام سالانہ عظیم الشان شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ اوسلو کے علاوہ ناروے کے دوسرے شہروں Moss Skedsmo,، Drammen اور Fredriksstad سے بھی کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز اویس نجم کی دلسوز آواز میں تلاوت قر آن پاک سے کیا گیا۔ اس کے بعد آقا کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بارگاہ میں مختلف نعت خواں حضرات جن میں حافظ عمران علی قادری، قاری عبدالمنان، ناروے کے مشہور نعت خواں ہارون قیوم نے ہدیہ عقیدت پیش کیا، خصوصی طور پر یورپ کے مشہور ومعروف نعت خواں الحاج محمد اشرف سیالوی نے نہایت ہی پرسوز آواز میں نعت خوانی کی اور حضرت اما م حسین رضی اللہ عنہ کی بارگاہ میں منقبت پیش کی۔ منہاج یوتھ لیگ ناروے کی طرف سے حیات المیر نے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت کے حوالے سے نارویحن میں گفتگو کی۔

اس موقع پر ڈنمارک سے تشریف لائے ہوئے مذہبی سکالر علامہ عبدالستار سراج نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آقا کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بعثت کا مقصد لوگوں کے شعور کو اجاگر کرنا تھا اور گمراہ قوم کو رہنمائی دینا تھی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت اما م حسین رضی اللہ عنہ کی شھادت نے لوگو ں کو شعور دیا کہ اسلام کی اصل حقیقت کیا ہے اور ظلم کے خلاف کیسے لڑنا ہے اور اپنے حقوق کے لئے کیسے جدوجہد کرنی ہے۔ آ ج بھی اگر امت مسلمہ دوبارہ عروج چاہتی ہے تو اسے شھادت حضرت اما م حسین رضی اللہ عنہ کی روشنی میں اپنے شعور کو دوبارہ اجاگر کرنا ہو گا اور موجودہ صدی میں یہ کام تحریک منہاج القر آن احسن انداز میں کر رہی ہےاور بانی تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام پوری دنیا میں امت مسلمہ کا خصوصا پاکستانی قوم کا شعور بیدار کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ علامہ عبدالستار سراج نے تمام شرکاء کو تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کی دعوت دی۔ منہاج یوتھ نے ہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی علامہ عبدالستار سراج کے خطاب کا احسن انداز میں پروجیکٹر کے ذریعے لائیو نارویحن زبان میں ترجمہ کیا جس کو شرکاء خصوصا یوتھ نے بہت پسند کیا۔

نقابت کے فرائض علامہ پروفیسر قاری صداقت علی قادری پرنسپل منہاج سکول اوسلو ناروے نے نہایت ہی احسن انداز میں سر انجام دیئے۔کانفرنس کا اختتام علامہ اسرار احمد امام و خطیب مسلم سینٹر فیورسٹ کی دعا سے ہوا۔کانفرنس کے انتظام و انصرام میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کی ایگزیکٹو اور دیگر جملہ فورمز جن میں منہاج ویمن لیگ ناروے، منہاج یوتھ لیگ، منہاج سسٹرز، منہاج ویلفئیر اور منہاج مصالحتی کونسل نے اہم کردار ادا کیا۔

منہاج یورپین کونسل کے صدراعجازاحمد وڑائچ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کی طرح یہ کانفرنس بھی ہر حوالے سے کامیاب تھی اور کانفرنس میں بہترین نظم و ضبط اس کی انفرادیت تھی۔ انہوں نےتمام معزز مہمانوں اور شرکاء کانفرنس کا تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا۔ ایگزیکٹو اور دیگر جملہ فورمز کے تمام ممبران کو کانفرنس کی کامیابی پر بھی شکریہ ادا کیا، کہ انہوں دن رات محنت کر کے کانفرنس کو کامیاب بنایا۔ آخر میں شرکاء کانفرنس کو لنگر حسینی بھی پیش کیا گیا۔

رپورٹ: قیصر محمود

تبصرہ