16 مئی 2014ء بروزجمعۃالمبارک منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں عظیم الشان محفل حسن قرات و نعت کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان سے تشریف لائے عالم اسلام کے عظیم قاری سید صداقت لی نے خصوصی شرکت کی۔
محفل کاباقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت منہاج اسلامک سنٹر کے امام حافظ بلال نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منہاج نعت کونسل کے روح رواں، مشہور نعت خواں اور منہاج القرآن بادالونا کے نائب صدر قدیر احمد خان اور ان کے شاگرد حافظ عاطف احتشام نے پیش کی اور اسٹیج سیکرٹری کے فرائض امام منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا حافظ محمد معروف نے سر انجام دیئے۔محفل میں پاکستان قونصلیٹ جنرل بارسلونا کے ویلفیئر قونصلر محمد اسلم غوری نے بھی خصوصی شرکت کی۔
پاکستان سے بارسلونا دورہ پر آئے ہوئے مایہ ناز مدرس، استاذ القراء قاری سید صداقت علی نے اپنی خوبصورت آواز میں تلاوت کلام پاک سے محفل میں وجدانی کیفیت پیدا کر دی، نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی پیش کی اور مختلف بزرگان دین کا لکھا ہوا عارفانہ کلام بھی پیش کیا جن میں بابا غلام فرید،بابا بلھے شاہ اور میا ں محمد بخش کا کلام شامل ہے۔ محفل کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے قاری سید صداقت علی نے شرکائے محفل کے ذوق کو لاجواب قرار دیتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا پلیٹ فارم ہو اور کوئی بے ذوق ہو ایسا ممکن ہی نہیں ہے،انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی قیادت اور کارکنان کے عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جذبہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کلام اللہ کی تلاوت اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔
رپورٹ: محمد وقاص راجہ
تبصرہ