ہالینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام شان اولیاء کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ ہالینڈ کے زیر اہتمام ہفتہ وار درس قرآن اور شان اولیاء کانفرنس منعقد ہوئی جس سے حافظ علامہ نذیر احمد القادری نے سیدنا حضرت امام زین العابدین بن حضرت امام حسین علیہ السلام کی زندگی کے احوال بیان کئے۔

علامہ حافظ نذیر احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام زین العابدین فرماتے ہیں، تعجب ہے اس مغرور اور فخر کرنے والے انسان پر جو کل حقیقت میں ایک نطفہ تھا اور کل مردار ہو جائے گا۔ لوگ کتنے عجیب ہیں کہ اللہ کے خوف سے عبادت کرتے ہیں حالانکہ یہ تو غلاموں کی عبادت ہے اور جنت کی خواہش میں عبادت کرنے والوں کی عبادت تاجروں کی عبادت ہے، لیکن دنیا میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو صرف رضاے الہیٰ اور دیدارِ الہیٰ کے لئے عبادت کرتے ہیں، یہی آزاد لوگوں کی عبادت ہے۔ سیدنا امام زین العابدین کی عبادت کا یہ حال تھا کہ آپ روزانہ ایک ہزار نوافل ادا کرتے تھے اور وفات تک آپ کے اس معمول میں فرق نہیں آیا اس قدر زہد اور عبادت کی وجہ سے آپ زین العابدین کے لقب سے مشہور ہیں۔

منہاج القرآن دی ہیگ کے زیر اہتمام اس پروگرام میں حافظ علامہ نذیر احمد القادری نے مزید بیان کیا کہ حضرت سیدنا امام زین العابدین رضی اللہ عنہ غرباء اور سائلین سے خصوصی محبت فرماتے تھے جب کوئی سائل آپ کے درِاقدس پرآتا تو خوش ہوکر سائل کو فرماتے۔ میرے توشہ کو جنت کی طرف لے جانے والے مرحبا، مرحبا کہہ کر استقبال کرتے اور پھر سوالی کی حاجت پو ری فرماتے۔ آپ کا قول ہے کہ صدقات سائل کے ہاتھوں میں جانے سے پہلے ہی اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور پہنچ جاتے ہیں اسی لیئے آپ کا پوری زندگی معمول تھا کہ راتوں میں خود غرباء اور مساکین کے گھروں پر جاکر صدقات پہنچاتے تھے ۔

علامہ حافظ نذیر احمد القادری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم مسلمانوں کے اسلاف اور تمام رہنماؤں نے غرباء اور حاجت مندوں کی خدمت کرنے کی شاندار مثالیں قائم کی ہیں لیکن بدقسمتی سے آج کے لیڈر اپنے اسلاف کے اس عظیم عمل سے اس قدر دور ہو چکے ہیں کہ اسلام کے نام پر معرض وجوود میں آنے والے وطنِ عزیز کے لوگ غربت سے تنگ ہیں اور خودکشی کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں اور حکمران طبقے کو کچھ نظر نہیں آرہا ہے۔ نہ جانے روز محشر اللہ عزوجل کی عدالت میں یہ امراء اور حکمران کیا جواب دیں گے؟ تعجب ہے ان حکمرانوں اور ایلیٹ کلاس کی ناک کے نیچے غریب کش نظام چل رہا ہے اور یہ آخرت میں سرخرو ہونے کی آس لگائے بیٹھے ہیں؟ حالانکہ ان امراء کی زندگیاں تمام اسلاف اور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہیں۔

رپورٹ: امانت علی چوہان

تبصرہ