سپین: منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان کی 17 ویں کلاس کا آغاز

یکم اپریل2014 بروز منگل منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان کے 17 ویں کورس کا آغاز ہوا جس میں بارسلونا سنٹر اور گردونواح سے آنے والے طلباء رات 9 بجے سے قبل ہی منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا سے ملحقہ منہاج لائبریری میں پہنچ چکے تھے، کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی نے تمام امیدوار طلباء کو خوش آمدید کہا، ان کو کلاس میں داخلے کے لئے تمام قواعد و ضوابط کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر کلاس کے سابق طالب علم راحیل اکرم ایڈووکیٹ اور محمد علی نے کلاس ٹیچر کی معاونت کی۔

داخلہ کے مرحلہ سے فارغ ہونے کے بعد اُسی دن پہلی کلاس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا جس میں تمام طلباء نے اپناتعارف، تعلیمی قابلیت اور پاکستان میں اپنے شہروں اور علاقوں کے متعلق ایک دوسرے کو معلومات دیں جبکہ کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی نے کلاس میں پڑھائے جانے والے نصاب کے متعلق اُن کے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔

واضح رہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام اکتوبر 2009ء سے سہ ماہی بنیادوں پر ہسپانوی زبان کا ابتدائی کورس جاری ہے جس کی 16 کلاسیں کامیابی سے تکمیل پذیر ہو چکی ہیں، اس کلاس میں ہسپانوی زبان کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت اور قوانین اوردیگر دینی و دنیوی علوم کے بارے بھی آگہی فراہم کی جاتی ہے اور اس کلاس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے نائب صدر نوید احمد اندلسی اپنی تدریسی خدمات مفت فراہم کرتے ہیں۔کلاس میں داخلہ کے لیے طلباء کی کثیر تعداد کے پیش نظر اکثر قرعہ اندازی بھی کی جاتی ہے اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کیا اور کروایا جاتاہے۔

رپورٹ: راجہ محمد وقاص

تبصرہ