منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر انتظام مرکز المصطفیٰ میں مورخہ 10 اپریل 2014 کو ماہانہ درس عرفان القران بسلسلہ گیارہویں شریف منعقد ہوا جس میں عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ حافظ محمد یعقوب مغل اور جامع القراء اسلامک سنٹر تجوید القرآن کے سرپرست اعلیٰ قاری علی حسن نے تلاوت قرآن پاک سے دلوں کو منور کیا۔ موری شاویر حیدر نے آقا دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت پیش کی۔
علامہ محمد شکیل ثانی( ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر جاپان) نے سورۃ الحجرات کی پہلی آیت کریمہ پر سیر حاصل گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب ہر چیز سے افضل ہے۔ اللہ رب العزت نے صحابہ کرام کو حضور کا ادب خود سکھایا جب انہوں نے عیدالاضحی پر قربانی کے جانور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جانور کی قربانی سے پہلے ذبح کر دیئے تو اللہ رب العزت نے ان کی قربانیاں رد کر دیں اور حکم دیا کہ اے حبیب مکرم جس عبادت میں تیرا ادب نہ ہو میں اسے قبول ہی نہیں کرتا۔ یوں صحابہ کرام کی قربانیاں قبول نہ ہوئیں، پھر نئے جانور خریدے گئے اور قربانیاں دی گئیں۔
آج امت کے زوال کی بڑی وجہ ادب رسول کا خیال نہ کرنا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ساتھ اساتذہ، اہل علم اور والدین کا ادب بھی لازم ہے۔ منہاج القرآن پوری دنیا میں عظمت رسول اور ادب رسول کا پیغام عام کر رہی ہے۔
رپورٹ: ثاقب الرحمن
تبصرہ