امریکہ: نیوجرسی میں ماہانہ حلقہ درود اور محفل ذکر کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام 5 اپریل 2014ء کو منہاج القرآن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر نیوجرسی میں ماہانہ حلقہ درود و فکر اور محفل ذکر کا انعقاد کیا گیا۔ مجلس کا آغاز نماز عشاء کے فوری بعد کیا گیا۔

پروگرام کا شیڈول بتاتے ہوئے ڈائریکٹر منہاج القرآن سینٹر نیوجرسی علامہ محمد شریف کمالوی نے کہا کہ جس طرح دنیا بھر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام حلقات درود وفکر منعقد کئے جا رہے ہیں یہ مجلس بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم پہلے درود آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کریں گے، پھر محفل ذکر ہو گی۔ تمام خواتین و حضرات دائرہ بنا کربیٹھ گئے اور تسبیحات ہاتھوں میں تھام کر درود پڑھتے رہے۔ محفل میں خواتین نے بھی بھرپور شرکت کی۔ تمام خواتین وحضرات ہرپانچ منٹ کے بعد اونچی آواز کے ساتھ درود پڑھتے اورپھرآہستہ آواز میں ورد کرتے۔

بعد ازاں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب بذریعہ پروجیکٹر سنا گیا اور پھر کھڑے ہو کر اردو زبان میں سلام پڑھا گیا۔ مجلس میں تشریف لائے تمام خواتین وحضرات نے بڑی محبت سے سلام پڑھا اور آخرمیں رقت آمیزدعا کی گئی۔ اس تقریب میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں 2 لاکھ 55 ہزار درود وسلام کا تحفہ پیش کیا گیا۔ پروگرام کا اختتام دعائیہ کلمات پرکیا گیا۔

رپورٹ: عکرمہ نذیر

تبصرہ