جاپان: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام سیدہ کائنات فاطمۃ الزھرہ کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام مورخہ 05 اپریل 2014 کو المصطفیٰ مسجد باندوشی میں عظیم الشان سیدہ کائنات فاطمۃالزہرہ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں عوام الناس کے علاوہ سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

منہاج القرآن مرکز پر زیر تعلیم بچوں محمد یوسف اور آیات الاسلام نے قرآن پاک کی تلاوت کا شرف حاصل کیا جبکہ حافظ محمد یعقوب نے تلاوت کی گئی آیات کا اردو اور جاپانی زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ جاپانی النسل موری شاویز حیدر نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت رسول مقبول پیش کی۔ تبلیغی جماعت گماکین سے آئے انڈیا، بنگلہ دیش اور پاکستان پر مشتمل جماعت کے امیر حارث محمد نے گفتگو کی۔ علامہ محمد شکیل ثانی( ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان) نے سیدہ کائنات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ کائنات تو مجسمہ شرم وحیا ہیں وہ تووارث چادر تطہیر ہیں، ان کا نام لینے کے لئے زبان کا وضو چاہیئے کیونکہ پردہ ان کا زیور تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہزادی کونین، خاتون جنت جیسی روئے کائنات میں نہ کسی کی بیٹی ہے اور نہ ہو گی۔ قرآن مجید میں ان کی عظمت پر آیات مباہلہ گواہ ہیں، آیت حسنات گواہ ہے، آیت فترضیٰ گواہ ہے، آیت سلام گواہ ہے، آیت مودت گواہ ہے، آیت طہارت گواہ ہے، آیت بحرین گواہ ہے، زبان رسالت گواہ ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر درود وسلام پڑھا گیا۔ اختتامی دعا کے بعد شرکاء کو لنگر پیش کیا گیا۔

رپورٹ: ثاقب الرحمن

تبصرہ