سفیر پاکستان عامل فاروق کی طرف سے 24 مارچ 2014 کو یوم پاکستان کے حوالہ سے ٹوکیو اوکوڑا ہوٹل میں شاندار تقریب کا انتظام کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی اور دیگر مسلم اور غیر مسلم ممالک کے سفرا، حکومت جاپان کے اعلیٰ عہدیداران، افسران اور جاپان کی مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے بھر پور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز شام سا ڑھے چھ بجے کلام پاک کی تلاوت سے ہوا، بعد ازاں پاکستانی اور جاپانی قومی ترانے پیش کئے گئے۔ سفیر پاکستان عامل فاروق، ڈپٹی چیف آف مشن علی جاوید، پریس اتاشی ڈاکٹر رفیق سومرو، اکنامک منسٹر ڈاکٹر طلحہ، قونصلر ندیم احمد بھٹی نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔سفیر پاکستان نے گفتگو کرتے ہوئے 23 مارچ کی اہمیت بیان کی اور قائد اعظم و علامہ اقبال کی بصیرت کو سلام پیش کیا۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے یوم پاکستان کے حوالہ سے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی بنیاد دو قومی نظریہ ہے مگر قابل افسوس بات یہ ہے کہ پاکستان کے وجود سے لے کر آج تک اس پر قابض سیاستدانوں اور آمروں نے صرف اپنے چند خاندانوں کو نوازنے اور اقتدار پر قبضہ جمائے رکھنے کو ترجیح دی۔ مگر اب عوام کا شعور بیدار ہو چکا ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری عوام کو ان کے حقوق دلانے کے لئے میدان عمل میں آچکے ہیں اور بہت جلد ملک پاکستا ن ریاست مدینہ کی طرز پر عوام کو سہولیات مہیا کرے گا۔
تقریب میں جیو ٹی وی کے رپورٹر ندیم ڈوگر، چودھری شاہد رضا، عرفان صدیقی، اردو نیٹ جاپان کے ناصر ناکا گاوا، رشید صمد خان، شیخ فیاض احمد، منہاج القرآن کے سکندر پسیہ، شمشاد خان، حافظ محمد یعقوب مغل اور دیگر احباب نے شرکت کی۔ سفیر پاکستان عامل فاروق نے جملہ شرکاء تقریب کا شکریہ ادا کیا اور پرتکلف ڈنر کا انتظام کیا۔
رپورٹ: ثاقب الرحمن
تبصرہ