جاپان: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام محفل گیارہویں شریف

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے ذیلی مرکز جامع مسجد المصطفیٰ اباراکی کین میں مورخہ 13 مارچ 2014 کو ماہانہ محفل گیارہویں شریف منعقد ہوئی جس میں چیئرمین مولود النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کمیٹی جاپان اصغر علی نے خصوصی شرکت کی، جبکہ یاشیو مسجد کے صدر ملک ریاض جیلانی، رانا عامر نیو ہارٹ مصالحہ والے، محمد اقبال کمیانی (چیئرمین امام بارگاہ محمد وآل محمد) نے اپنے احباب کے ساتھ شرکت کی۔

محفل گیارہویں شریف کا باقاعدہ آغاز تلاو ت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت شیخ سرور نے حاصل کی۔ جاپانی النسل نعت خواں موری شاویز حیدر نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔علامہ شکیل احمد ثانی نے سورۃ کہف کی روشنی میں نسبت پر درس دیا، انہوں نے کہا کہ اصحاب کہف اللہ کے ولی تھے، جب ظالم بادشاہ سے بچنے کے لئے غار میں پناہ لی تو ایک کتا بھی ان کے ساتھ ہو لیا اور غار کے دھانے پر بیٹھ گیا۔ 309 سال بعد ولی جب زندہ اٹھے تو کتا بھی زندہ ہو کر بیٹھ گیا۔اگر کوئی اپنے مربی اور مرشد سے محبت کرے گا تو فیض ضرور پائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسان اشرف المخلوقات ہو کر گمراہی میں گرا ہوا ہے اوراپنی اصل کو بھلا کر زندگی خراب کر رہا ہے۔ منہاج القرآن کا مقصد بھولی ہوئی امت کو ایک جگہ پر جمع کرنا ہے۔ غلطی کو تسلیم کرنا انسان کا بڑا پن ہے۔ پروگرام کے اختتام پر یوسف حسن نے درودتاج کو خوبصورت انداز میں پڑھا جبکہ ختم غوثیہ علامہ شکیل احمد ثانی نے پڑھا۔ درود وسلام اور دعا کے بعد شرکاء میں لنگر تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: ثاقب الرحمن

تبصرہ