یورپ میں بسنے والے برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کے لئے QTV کا قیام حاجی عبدالرزاق کا عظیم احسان ہے کیونکہ یہ چینل جہاں مسلمان نوجوانوں کی دینی تربیت کا سامان فراہم کر رہا ہے وہاں عقیدۂ صحیحہ کے دفاع اور فروغ کے لئے بھی عظیم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس دور فتن میں جہاں بہت سے ذرائع ابلاغ دینی اقدار کو مٹانے اور نقصان پہنچانے کا باعث بن رہے ہیں وہاں دینی اقدار کے فروغ اور مضبوطی کے لئے جس شخصیت نے کام کیا وہ حاجی عبدالرزاق یعقوب مرحوم ہیں۔
QTV کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کے پیغام کو برصغیر کے کونے کونے تک پہنچانے پر منہاج القرآن انٹرنیشنل ہمیشہ حاجی عبدالرزاق مرحوم کا احسان مند رہے گا۔ ARYNews کے بانی چیئرمین حاجی عبدالرزاق یعقوب مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیر اہتمام منہاج اسلامک سنٹرکوپن ہیگن میں قرآن خوانی و نعت خوانی کی محفل کا اہتمام کیا گیا۔ محفل کا آغاز مرکز ہذا کے طلباء نے تلاوت قرآن کریم سے کیا، جس کے بعد راجہ یٰسین، محمد اسحاق کیانی، رشید بھٹی اور محمد مسعود نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل آماگر کے ڈائریکٹر حافظ اشتیاق احمد الازہری نے ایصال ثواب کے حوالے سے خوبصورت گفتگو کی۔ایصال ثواب کے جائز اور درست ہونے پر حافظ اشتیاق الازہری نے ایک حدیث مبارکہ بیان کی جس میں ایک عورت نے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سوال کیا کہ اگر میں ایصال ثواب کروں تو کیا میری ماں کو پہنچے گا آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بڑی خوبصورت مثال سے اس سوال کا جواب دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس عورت سے پوچھا کہ اگر تمہاری ماں نے کسی کا قرض دینا ہوتا اور اگر وہ قرض تم ادا کرو تو کیا ادا ہوجائے گا؟ اس عورت نے عرض کی ہاں میں اپنی ماں کی طرف سے قرض ادا کروں تو وہ قرض ادا ہوجائے گا،آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جس طرح اپنی ماں کی طرف سے تمہارا قرضہ ادا ہوتا ہے تو تہماری طرف سے بھیجا جانے والا ایصال ثواب بھی تمہاری ماں تک پہنچ جائے گا اور اسے اسکا فائدہ بھی ہوگا۔
رپورٹ: محمد منیر طاہر
تبصرہ